مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نئے سال کے پہلے مہینے میں 21 کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سال 2020 کے پہلے مہینے میں ہی بھارتی اہلکاوں کی مختلف کارروائیوں میں 21 کشمیری شہید ہوگئے جبکہ بھارتی اہلکاروں کے مختلف اقدام جیسے پیلٹ گن سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 14 کشمیری بُری طرح زخمی ہوئے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مختلف کارروائیاں کرکے کشمیری شہریوں اور حریت رہنما سمیت 104 افراد کو گرفتار بھی کیا۔ گرفتار ہونے والے شہریوں میں زیادہ تر تعداد کشمیری نوجوانوں کی ہے۔
علاوہ ازیں بھارتی اہلکاروں نے ایک مہینے کے دوران پانچ گھروں پر چھاپے مارے، سامان کو نقصان پہنچایا اور تین خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی۔
یال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کو جیل بنے 181 روز گزر گئے ہیں اور وادی میں قابض بھارتی حکومت کی پابندیاں برقرار ہیں۔
سخت سردی میں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ دواؤں کی قلت بھی ہوگئی ہے۔
بھارت کی انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداخ کو زبردستی بھارتی یونین کا حصہ بنا دیا تھا۔
یکم نومبر 2019 سے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے اور وہاں رہنے کا حق بھی حاصل ہو گیا ہے۔