نوکیا کے نئے فون میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر دیئے جانے کا امکان


نوکیا کا نیا فلیگ شپ فون دنیا کا پہلا فون ہوگا جس میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر دیا جائے گا۔

جی ایس ایم ایرینا کی رپورٹ کے مطابق نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے نئے فلیگ شپ فون کو التوا میں ڈال دیا تھا اور اب یہ 2020 کی تیسری یا چوتھی سہ ماہی میں متعارف ہوگا۔

کمپنی کو وقت ملنے سے اسے فون میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر استعمال کرنے کا موقع مل سکے گا مگر اس کے ساتھ ساتھ دنیا میں پہلی بار نوکیا 9.2 میں انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرا متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں قابل اعتبار ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو نوکیا 9.2 میں ٹیسٹ بھی کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل دیگر کمپنیاں بھی اس طرح کے کیمرا سسٹم پر کام کررہی ہیں اور اوپو کی جانب سے اس کی ایک جھلک بھی پیش کی گئی، مگر چینی کمپنی کا کہنا تھا کہ ایسے کیمرا سسٹم والا فون بنانے کے لیے اسے وقت درکار ہے۔

ایچ ایم ڈی گلوبل اس حوالے سے سام سنگ، ہواوے، اوپو اور دیگر کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ کر انڈر ڈسپلے کیمرا سسٹم والا پہلا کمرشل فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ نوکیا نے ہی سب سے پہلے 5 بیک کیمروں والا فون نوکیا 9 پیورویو بھی متعارف کرایا تھا مگر وہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

یہی وجہ ہے کہ نوکیا 9.2 میں ملٹی کیمرا سیٹ اپ کی جگہ روایتی سسٹم کو ترجیح دیئے جانے کا امکان ہے۔

اس سے پہلے سامنے آنے والی لیکس کے مطابق اس فون میں بیزل لیس ڈسپلے 32 یا 48 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ دیا جائے گا جبکہ وائرلیس چارجنگ اور ہیڈفون جیک بھی دیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں