کورونا وائرس: چین سے دیگر ممالک کے شہریوں کا انخلاء جاری


امریکا اور   یورپی سمیت کئی ممالک نے پُراسرار کورونا وائرس کے سبب اپنے شہریوں کا چین سے انخلاء شروع کردیا۔

عالمی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ کورونا وائرس سے چین میں بڑے پیمانے پر اموات کے باوجود بین الاقوامی سفر یا تجارت پر پابندیوں کی ضرورت نہیں۔

 مگر چین میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا اور یورپ سمیت دیگر ممالک نے خصوصی طیاروں کے انتظامات کرکے اپنے شہریوں کو واپس بلانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر چین کے شہر ووہان سے امریکا نے اپنے 201 شہریوں کو خصوصی طیارے سے کیلی فورنیا منتقل کردیا جب کہ دیگرامریکیوں کا انخلاء تین فروری کو متوقع ہے۔

چین سے نکلنے سے قبل امریکی شہریوں کی 2 مرتبہ اسکریننگ کی گئی جس کے بعد انہیں ووہان سے کلیئر کر کے سفر کرنے کی اجازت دی گئی۔

منتقل ہونے والے تمام امریکیوں میں اب تک کیس کا شبہ نہیں دیکھا گیا۔

فوٹو اے ایف پی—

امریکی اقدام کے بعد دیگر ممالک نے بھی شہریوں کا انخلاء شروع کردیا ہے۔

چین کے پڑوسی ملک جاپان نے بھی چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے اپنے تقریباً 415 شہری واپس بلا لیے ہیں۔

برطانیہ نے بھی خصوصی طیارے سے اپنے شہریوں کونکال لیا تاہم انتہائی کم وقت دیے جانے کے سبب زیادہ تر برطانوی شہری ائیرپورٹ پر نہ پہنچ سکے۔

فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کے لیے خصوصی پرواز بھیج دی۔

اس کے علاوہ جرمنی، پرتگال، ڈنمارک، پولینڈ اور اسپین کے 100 سے زائد شہریوں کو نکالنے کے لیے پرواز آج یاکل بھیجے جانے کاامکان ہے۔

پرتگال کےصدر نے شہریوں کے انخلاء کے لیے علیحدہ سے پرواز چلانے کا  اعلان کیاہے جب کہ اٹلی نے اپنے 50 شہریوں کو واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے چین جانے والی  پروازیں بند کردی ہیں۔

جنوبی کوریا نے اپنے 720 شہریوں میں سے 368 کو خصوصی طیارے سے واپس بلا لیا۔

آسٹریلیا بھی اپنےشہریوں کاووہان سے انخلاء کررہاہے  تاہم پرواز کے وقت کا تاحال نہیں بتایا گیا۔

نیوزی لینڈ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کے لیے 300 نشستوں پر مشتمل چارٹر طیارہ استعمال کرے گا  جس میں  اضافی نشستیں آسٹریلوی شہریوں کو دی جائیں گی۔

فوٹو اے ایف پی—

ادھر ترکی بھی کارگو طیارے کے ذریعے اپنے 34 شہریوں کو ووہان سےنکال رہا ہے  جب کہ جارجیا، آذربائیجان اور البانیہ کے شہریوں کوبھی ترک طیارہ ہی واپس لایا جائے گا۔

ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھی اپنے  78 شہریوں کونکالنے کے لیے طیارہ بھیجنے پر تیار ہیں۔

انڈونیشیا نے اپنے 230 شہریوں کو وائرس کے متاثرہ صوبے سے نکالنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا جب کہ فلپائن اپنے شہریوں کو خصوصی چارٹرڈ طیارے سے نکال رہا ہے مگر تھائی لینڈ بھی اپنے شہریوں کونکالنے کے لیے چین کی اجازت کامنتظر ہے۔

الجزائرکے صدر نے حکومت کو ہدایت کی ہےکہ 36 شہریوں کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے جب کہ مراکش نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ ووہان سے اپنے 100 شہریوں کو واپس بلا رہاہے۔

بھارت نے بھی چین سے درخواست کی ہے کہ وہ 2 طیاروں کے ذریعے اپنے شہریوں کو ووہان سے نکالنا چاہتا ہے جس کے لیے بوئنگ 747 ممبئی میں تیار ہے۔

سری لنکا کا کہنا ہے کہ اس کے 860 طلبہ چین میں ہیں جن میں سے 32کو ووہان سے نکالنے کے لیے چارٹرڈطیارہ چلانے کی اجازت مانگی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں