ہلدی بنی سونا: اب کھلاڑیوں اور ایتھلیٹ کے لیے بھی مفید قرار


کیمبرج: 

ہلدی کو مغرب میں اب پیار سے خالص سونا کا نام دیا جارہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں موجود جادوئی مرکب ’سرکیومن‘ بلڈ پریشر، کینسر، امراضِ قلب ، جوڑوں کے درد میں انتہائی مفید تصور کیا جاتا رہا ہے۔ اب تازہ خبر یہ ہے کہ کھلاڑیوں اور ایتھلیٹ کی صلاحیت بڑھانے میں بھی اس کا کوئی ثانی نہیں۔

لیکن اب بھی ایک سوال سب سے اہم ہے کہ سرکیومن جسم کے اندار آسانی سے جذب نہیں ہوتا۔ اسی بنا پر کیمبرج یونیورسٹی کے ممتاز ماہرین نے ٹرمرک سی فارمولہ بنایا ہے جو جسم کے اندر سرکیومن کو انجذاب کو 30 گنا بڑھاتا ہے۔ اس فارمولے میں وٹامن سی شامل کیا گیا ہے جو خون میں سرکیومن جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ٹرمرک سی سپلیمنٹ سی کو برطانیہ کے مجاز اداروں نے استعمال کی اجازت بھی دیدی ہے۔ برطانیہ میں لوگوں کی بڑی تعداد سرکیومن استعمال کررہی ہے جو ہلدی کی رنگت اور اسے جادوئی تاثیر دینے والا ایک اہم مرکب ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جوڑوں کے گھساؤ اور ہڈیوں کی بریدگی کو روکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں ایتھلیٹ اسے استعمال کرر ہے ہیں۔

45 سالہ مارک وشارٹ دوڑنے کے شوقین ہیں اور میراتھن سے لے کر دوڑ کے ہر چھوٹے بڑے مقابلوں میں ضرور شریک ہوتے ہیں۔ وہ اپنی بہترین کارکردگی کے لیے سرکیومن سپلیمنٹ لے رہے اور انہوں نے غذا میں ہلدی کا استعمال بڑھادیا ہے۔

دوسری جانب ہلدی جسم کے اندر سوزش اور فاسد مادوں کو بھی ختم کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہے۔ اگرچہ ہلدی صدیوں سے ایشیا میں استعمال ہوتی آرہی ہے لیکن حال میں یورپ اور امریکا میں تحقیق کے بعد اس کے زبردست فوائد سامنے آئے ہیں۔ اس کے بعد ہلدی کا استعمال طرزِ زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں