لاہور:
طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد بالآخر بنگلادیشی ٹیم نے بدھ کی شب پاکستان میں قدم رکھے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،درست کمبی نیشن کی متلاشی دونوں ٹیموں میں شائقین کانٹے دار مقابلے کی توقع کر رہے ہیں، انھیں ہوم گراؤنڈ پر چوکوں چھکوں کی برسات دیکھنے کی امید ہے۔
پاکستان ٹیم کو ابھی تک کے تجربات راس نہیں آئے اور گذشتہ 10میں سے 8میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، سری لنکا سے ہوم سیریز کے بعد بابر اعظم کے زیر قیادت دورئہ آسٹریلیا میں بھی کلین سوئپ کی خفت اٹھانا پڑی،ٹیم کی عالمی نمبر پوزیشن بھی داؤ پر لگی ہوئی ہے، سیریز میں ایک شکست بھی کینگروز کو ٹاپ پر پہنچا دے گی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راؤنڈرز عماد وسیم و شاداب خان کے ساتھ عماد بٹ کو بھی ڈیبیو کا چانس ملنے کا امکان ہے،بگ بیش لیگ میں دھوم مچانے والے حارث رؤف انٹرنیشنل کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے کیلیے فیورٹ ہیں،شاہین شاہ آفریدی کا کم بیک یقینی نظر آرہا ہے۔کپتان بابر اعظم نے کہاکہ عالمی نمبر ون پوزیشن بچانے کیلیے ’’کرو یا مرو‘‘ کی سوچ کیساتھ میدان میں اتریں گے، حریف ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا امتزاج ہے،ہمیں بھی تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کی خدمات حاصل ہوگئیں۔
امید ہے کہ احسان علی اور حارث رؤف ڈیبیو کرینگے، بیٹنگ ہماری قوت ہوگی، افتخار احمد، عماد وسیم اور شاداب خان کی موجودگی میں نمبر 9تک بیٹنگ لائن ہے، انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر کی1،2میچز میں کارکردگی اچھی نہیں رہی، شاہین شاہ آفریدی عمدہ فارم میں ہیں، حارث کی بگ بیش میں بولنگ سب کے سامنے ہے،دونوں ٹیموں میں اچھا مقابلہ ہوگا، کپتان نے کہا کہ پچ سلو لگ رہی ہے، میچ کے روز کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم کمبی نیشن اور حکمت عملی بنائینگے، یہاں 180سے 190تک کا اسکور اچھا رہے گا۔
دوسری جانب بھارت میں شکستوں کے باوجود دلیرانہ کرکٹ کھیلنے والی بنگلادیشی ٹیم کا حوصلہ بھی جوان ہے،بیٹنگ کو تجربہ کار تمیم اقبال کی واپسی سے تقویت ملے گی،کپتان محموداللہ بھی موجود ہیں، دونوں پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں،بھارت کیخلاف سیریز میں محمد نائم نے چند عمدہ اننگز کھیلیں،عفیف حسین نے بھی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی،بنگلادیش کا پیس اٹیک تجربہ کار لیکن سینئر اسپیشلسٹ اسپنر کی کمی محسوس ہوسکتی ہے۔
کپتان محموداللہ نے کہا کہ دونوں ٹیموں میں رینکنگ کا فرق ہمارے لیے پریشانی کا باعث نہیں،ہم نے بھارت کیخلاف اچھی کرکٹ کھیلی، اب کھیل میں مزید بہتری لائینگے، انھوں نے کہا کہ بی پی ایل میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کرکٹرز بڑے پُر جوش اور ہمیں ان سے خاصی توقعات وابستہ ہیں،تمیم اقبال، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین اور روبیل حسین سب بہترین کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
محمود نے کہا کہ ہمیں بطور ٹیم اچھا پرفارم کرنا ہے، میرا بیٹنگ آرڈر ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوگا،محمد عامر اور وہاب اچھے بولر ہیں، ان کے نہ ہونے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، حارث کو بگ بیش میں بولنگ کرتے دیکھا، پاکستان کی بولنگ اب بھی بڑی مضبوط ہے، بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے بہترین بیٹسمین ہیں، ان سمیت تمام میزبان بیٹسمینوں کیلیے ہمارے بولرز نے پلان تیار کررکھا ہے۔