’ہر چیز کی حد ہوتی ہے’، فیاض چوہان نے فواد چوہدری کو کھری کھری سنادیں


لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان وفاقی وزیر فواد چوہدری پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر سوال اٹھادیا۔

اپنے ایک بیان میں فیاض چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری ہر مہینے ہیرو گیری کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہوں نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی حد کردی ہے جس کشتی کے سوار ہوں اس کا بھلا سوچا جاتا ہے فواد چوہدری کادائرہ اختیار نہیں ہے، استحقاق نہیں ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کوئی رائے قائم کریں۔

انہوں نے فواد چوہدری کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اپنی وزارت میں کوئی کام کرکے بتاؤ، وزیراعظم پاکستان، پارٹی کے ہیڈ کے طور پر بھی وہ صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے حوالے سے یکسو اور 100  فیصد مطمئن، صوبے کی پوری کابینہ 100 فیصد یکسو، ٹریژری بینچوں سے تعلق رکھنے والے سارے ایم پی اے یکسو ہیں تو فواد بتائیں ان کو کیا مسئلہ ہے۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ مجبوری یہ ہے کہ فواد میرے دوست ہیں، ورنہ میں اپنے مخصوص انداز میں جس طرح اپوزیشن کو ڈیل کرتا ہوں ان کو بڑے اچھے اچھے جواب دیتا،ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے فواد چوہدری کو اپنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ابھی تک تجربہ اور سمجھ نہیں آئی تھوڑا سا اپنے آپ کو کنٹرول کریں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فواد چوہدری ہمیشہ افراط و تفریط کا شکار رہتے ہیں وہ کبھی نہیں سدھر سکتے، کبھی کبھی اکا دکاکوئی دو چار سال میں بندے سے غلطی ہوجائے تو چلو ہوتا ہے ان کی عادت ہے انہوں نے ہیرو گیری کرنی ہوتی ہے، خدا کا واسطہ ہے کبھی آپ مولویوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالتے ہیں کبھی آپ عثمان بزدار کے چھتے میں ہاتھ ڈالتے ہیں، چھوڑیں مولویوں کو اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو، آپ چندریال ٹوکے مقابلے میں کوئی غوری ٹو غوری تھری تیار کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں