آٹا بحران: لاہور میں چکی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری

آٹا بحران: لاہور میں چکی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری


لاہور: چکی ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان آٹے کی قیمت کا معاملہ طے نہ ہوسکا۔

ملک کے کئی شہروں میں آٹے کا بحران تاحال برقرار ہے اور پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں چکی ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے جہاں انتظامیہ اور ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات اب تک طے نہیں ہوسکے ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

چکی مالکان 70 روپے فی کلو آٹا فروخت کرنے پر ڈٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے احتجاجاً دکانیں بھی بند کررکھی ہیں۔

ترجمان چکی ایسوسی ایشن عبدالرحمان کا کہنا ہے آٹے کی 45 روپے فی کلو قیمت قبول نہیں، جس قیمت پر گندم مل رہی ہے اسی حساب سے آٹا بیچیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ سے بات چیت چل رہی تھی لیکن گرفتاریاں اور چھاپے مار کر خرابی پیدا کی گئی لہٰذا اب مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ چند روز سے ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے اور کراچی، حیدر آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آٹے کی قیمتیں بڑھانے والی فلور ملز کو سیل کرنے اور ان کا کوٹا معطل کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں