ایف بی آر کے ٹیکس وصولی ہدف میں مزید 265 ارب روپے کی کمی


اسلام آباد: 

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئی ایم ایف کی رضامندی کے بعد رواں مالی سال کیلیے ٹیکس وصولیوں کے مقررکردہ 5503 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف میں مزید265 ارب روپے کی کمی کردی ہے۔ نیا ہدف5238 ارب روپے مقرر کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آرنے رواں مالی سال کیلیے نظر ثانی شدہ اہداف تمام ماتحت اداروں کو بھجوادیے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر نے بجٹ میں مقرر کردہ5555  ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف باون ارب روپے کی کمی کے ساتھ 5503 ارب روپے کردیا تھا اور اب اس میں265 ارب روپے کی مزید کمی کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف پر نظر ثانی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لے کر کی گئی ہے۔ جنوری کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 425ارب 74کروڑ70 لاکھ روپے سے کم کرکے424ارب 52 کروڑ تیس لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے یعنی ایک ارب 22 کروڑ40 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں