کراچی:
بھارتی پنجابی فلموں کے گلوکار، اداکار اور پروڈیوسر ان دنوں پاکستان آئے ہوئے ہیں جہاں انہوں نے گردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری بھی دی۔ اپنے دورے کے دوران گپی گریوال پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور محبت کے قائل ہوگئے اور اتنی محبت ملنے پر وزیراعظم سمیت تمام پاکستانیوں کا شکریہ اداکیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی گلوکار کی ننکانہ صاحب آمد؛ عمران خان کے شکر گزار
گزشتہ روز دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے نہ صرف پاکستان میں گزارے گئے وقت کو خوشگوار تجربہ قرار یا بلکہ پاکستانی فلموں کی بھی خوب تعریف کی۔ گپی گریوال نے اپنی پسندیدہ پاکستانی فلم کانام بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘فلم بہت پسند ہے اور فلم میں انہیں مہوش حیات کا کام بھی بہت اچھا لگا یہی وجہ ہے کہ وہ مہوش حیات کے ساتھ فلموں میں کام کرنا چاہیں گے۔
اداکارہ مہوش حیات نے گپی گریوال کا یہ انٹرویو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کراتے ہوئے انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہا اور اپنی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘پسند کرنے پر گپی گریوال کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مہوش حیات نے مزید لکھا یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ نے ہماری فلم کو اورہماری مہمان نوازی کو پسند کیا اور اس سے لطف اندوز ہوئے۔