پوشف اسٹروم / لاہور:
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستانی مہم کا فاتحانہ آغاز ہوگیا، بولرز کی تکون نے اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرڈالا،پوشف اسٹروم میں منعقدہ میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت پوری ٹیم 24ویں اوورز میں صرف 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے 7.5اوورز میں 12 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر طاہر حسین نے 3 اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، اسکاٹ لینڈ کے محض 2 بیٹسمین ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے۔
حریف ٹیم کی جانب سے عزیرشاہ 20 رنز بناکر نمایاں رہے، آسان ہدف کے تعاقب میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا۔ صرف 4 رنز پردونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ گئے، حیدرعلی 4 رنز بناسکے، دوسرے افتتاحی کھلاڑی محمد شہزاد صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، تاہم اس کے بعد عرفان خان اور کپتان روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی شراکت قائم کی، عرفان خان 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ روحیل نذیر نے 27 رنزبناکر پویلین کی راہ لی،قاسم اکرم 5 پر ناٹ آؤٹ رہے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور میں حاصل کرلیا، حریف ٹیم کی جانب سے لائم نیلر، چارلی پیٹ اور قیس سجاد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ بدھ 22 جنوری کو زمبابوے سے کھیلے گی۔