انڈر 19 ورلڈکپ؛ پاکسانی مہم آج اسکاٹ لینڈ کیخلاف شروع ہوگی


لاہور: 

آئی سی سی جونیئر ورلڈ کپ میں پاکستان کے نوجوان کرکٹرز شاندار کارکردگی دکھانے کیلیے پر عزم ہیں۔

14 سال قبل آخری مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم اپنے سفر کا آغاز اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم کے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اسپورٹس ویلج گراؤنڈ میں کریگی،گروپ میں دوسرا ٹاکرا بدھ22  جنوری کو زمبابوے سے ہوگا، آخری لیگ میچ جمعہ 24 جنوری کو بنگلہ دیش سے شیڈول ہے۔

گروپ سی میں ٹاپ کرنے کی صورت میں قومی ٹیم ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں گروپ ڈی کی رنرزاپ ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی، سپرلیگ کوارٹرفائنل مرحلے کا تیسرا میچ 30 جنوری کو پوچیف اسٹروم میں کھیلا جائے گا البتہ گروپ سی میں رنرزاپ رہنے کی صورت میں قومی انڈر 19 ٹیم کو گروپ ڈی میں ٹاپ کرنے والی ٹیم سے میچ کھیلنا ہوگاجو31 جنوری کو بینونی میں ہوگا، ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل بھی پوچیف اسٹروم میں ہی کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق سپرلیگ سیمی فائنلز 4 اور 6 فروری کو جبکہ فائنل 9 فروری کو ہوگا۔ اس سے قبل قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم گذشتہ سال جون/جولائی میں جنوبی افریقہ کا کامیاب دورہ کرچکی ہے۔ میگا ایونٹ کی تیاریوں کی غرض سے ترتیب دی گئی سیریز میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کیخلاف 0-7 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم نے میگا ایونٹ سے قبل دو وارم اپ میچز میں شرکت کی، جہاں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم، نائیجیریا اور سری لنکا کو بالترتیب 9 اور 4 وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہی، مجموعی طور پر انڈر 19 کرکٹ میں دنیا بھر کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کا شمارچند بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔بھارت (4) اور آسٹریلیا (3) کے بعد پاکستان سب سے زیادہ (2) مرتبہ انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔

ماضی میں شاندار ریکارڈ رکھنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم جیت کے تناسب میں بھی دنیائے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر ہے، اس فہرست میں بھارت پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے۔

میگا ایونٹ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیرکررہے ہیں۔ وہ سیزن 19-2018 میں اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں سنچری اسکورکرچکے ہیں، گذشتہ سال جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روحیل نذیر نے بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں روحیل نذیر کے نائب کی ذمہ داری حیدر علی انجام دے رہے ہیں۔ نوجوان اوپنر نے گذشتہ سال دورہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں بالترتیب 317 اور 214 رنز اسکور کیے تھے۔

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے 5 میچوں میں 218 رنز بنانے والے حیدر علی نے گذشتہ سیزن کے دوران 7 فرسٹ کلاس میچوں میں 645 رنز بنائے۔60 ٹیسٹ اور 250 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر اعجاز احمد آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔

1986 سے 2001 تک بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اعجاز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں 3315 رنز جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں کل 6564 رنز بنا ئے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیرکا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بہت پر جوش ہے، اتوار کے روز اسکاٹ لینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم گذشتہ 8 ماہ سے میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے، روحیل نذیر نے کہا کہ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی موجودگی قومی انڈر 19 اسکواڈ کیلیے حوصلہ افزائی کا سبب ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں