ٹوئنٹی 20 ہوم سیریز، قومی کرکٹرز کی پاور ہٹنگ نے ماحول گرما دیا


لاہور: 

بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کیلیے تربیتی کیمپ میں قومی کرکٹرز کی پاور ہٹنگ نے ماحول گرمادیا، بیٹسمین 6 اوورز میں 50رنز کا ہدف حاصل کرنے، بولرز روکنے کیلیے کوشاں رہے۔

بنگلہ دیش کیخلاف لاہور میں شیڈول 3ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریزکیلیے پاکستان ٹیم کی تیاریوں کا سلسلہ جمعہ کوشروع ہوا تھا،کرکٹرز نے بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھاریں۔

گزشتہ روز ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹارگٹ میچزمیں کروانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز اور جارحانہ کرکٹ سے ہم آہنگ کرنا تھا، انھوں نے بولرز اور بیٹسمینوں کی جوڑیاں بناکر ان کو باری باری ایکشن میں آنے کا موقع فراہم کیا، 6اوورز میں 45یا 50رنز کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بیٹسمینوں کواسے عبورکرنے کا چیلنج دیا جاتا۔

اس جنگ میں کبھی بیٹسمین توکبھی بولرز حاوی ہوجاتے، چوکوں، چھکوں کیساتھ وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا، اوپنرز بابراعظم اور احسان علی نے پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے کئی دلکش اسٹروکس کھیلے اور فیلڈرزکومسلسل مصروف رکھا،انھوں نے اسپن بولنگ کا بھی پراعتماد انداز میں سامنا کیا۔

بعد ازاں افتخار احمد، محمد حفیظ، خوشدل شاہ اور محمد رضوان نے بھی دل کھول کر اسٹروکس کھیلے، عماد بٹ خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے، کئی بیٹسمینوں کے جلد آؤٹ ہونے پربھی ہیڈکوچ مصباح الحق کی جانب سے بیٹنگ جاری رکھنے کی آواز سامنے آجاتی،ردھم میں آنے کے بعد بیٹسمین جی بھرکے اسٹروکس کھیلتے تو قذافی اسٹیڈیم کا میدان چھوٹا نظر آنے لگتا۔

بولنگ کوچ وقار یونس اور اسپن کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے بولرزکی کارکردگی پرنظر رکھتے ہوئے ان کو لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور محمد موسیٰ کی گیندوں کو ناقدانہ نظر سے پرکھتے ہوئے وقار یونس نے قیمتی مشورے دیے، شاداب خان کی پٹائی ہوئی تو مشتاق احمد ان کی رہنمائی کرتے رہے، مصباح الحق کے معاون شاہد اسلم نے افتخار احمد کیساتھ نیٹ میں الگ سیشن بھی کیا۔

اس دوران انھوں نے بیٹسمین کو آف سائیڈ سے باہر جاتی گیندیں تسلسل کیساتھ کرائیں اور کٹ شاٹ میں خامیوں کی نشاندہی کرتے رہے، بعد ازاں چند دیگر بیٹسمینوں پر بھی انفرادی توجہ دی گئی، ٹریننگ کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا،بگ بیش لیگ میں دھوم مچانے والے پیسر حارث رؤف بھی لاہور پہنچ گئے، وہ اتوار کو تربیتی کیمپ میں دیگر کھلاڑیوں کوجوائن کرلیں گے،بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا فائنل کھیلنے والے شعیب ملک کی آمد پیرکوہوگی۔

دوسری جانب پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا دستہ تیار کرلیا ہے، گزشتہ سال جولائی کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیلنے والے تمیم اقبال کی واپسی ہوگئی،بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پیسر روبیل حسین کا بھی 6ماہ بعد کم بیک ہوا ہے، مہدی حسن اور نجم الحسن شانتو کی بھی واپسی ہوئی، ڈیبیو کے منتظر پیسر حسن محمود کو بھی شامل کرلیا گیا۔

منتخب 15رکنی اسکواڈ میں محمود اللہ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نجم الحسن شانتو، لٹن داس، محمد مٹھن، عفیف حسین، حسین دھروبو، مہدی حسن، امین الاسلام، مستفیضٰ الرحمان،شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین، حسین محمود شامل ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 ون ڈے میچزکیلیے بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد 23 جنوری کو ہوگی، پہلا میچ 24، دوسرا 25 اور تیسرا 27 جنوری کوکھیلا جائیگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں