اسلام آباد:
بین الاقوامی ادارے نمبیو کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کرائم انڈیکس میں وفاقی پولیس کی رینکنگ میں بہتری اور جرائم کی شرح میں4 فیصد کمی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہوگیا۔ یہ رپورٹ دنیا بھر کے 374 شہروں میں سروے کے بعد جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کرائم انڈیکس کم ہو کر 28.63 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ گزشتہ برس وفاقی دارالحکومت میں کرائم کی شرح 32.88 فیصد تھی۔
گزشتہ سال ورلڈ کرائم انڈیکس میں اسلام آباد 232 نمبر پر موجود تھا، تاہم اب 69 درجے بہتری کے بعد وفاقی دارالحکومت 301 پر پہنچ گیا۔ اسلام آباد نے کرائم کی شرح میں سڈنی، برلن، ماسکو، لندن، پیرس اورشنگھائی کوبھی مات دےدی ہے۔ دوسری جانب کراچی 22 درجے بہتری کے بعد فہرست میں 88 ویں نمبر پر موجود ہے۔