بنگال کے جادو کا توڑ کرنے کی تدبیریں شروع


لاہور: 

 بنگال کے جادو کا توڑ کرنے کی تدبیریں شروع ہو گئیں، سخت سرد موسم میں گرین شرٹس نے مشقوں کا آغاز کردیا۔

بنگلادیش کیخلاف لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کی مشقوں کا گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں آغاز ہوگیا، دھند، سخت سردی اور روشنی کم ہونے کے باوجود کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا،دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونے والے سیشن کے آغاز میں مصباح الحق نے کرکٹرز کو لیکچر دیتے ہوئے حوصلہ بڑھایا،وارم اپ کے بعد کھلاڑیوں نے مختلف ڈرلز کرتے ہوئے فٹنس بہتر بنانے کاکام کیا۔

میدان کے وسط میں پچز کے ساتھ اطراف میں موجود اسپن ٹریک بھی نیٹ پریکٹس کیلیے استعمال ہوا،ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیرنگرانی بابر اعظم اوراحسان علی نے پیسرز کی گیندوں کا تسلسل کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے ابتدا میں دفاعی بعد ازاں جارحانہ اسٹروکس کھیلے، دونوں نے چند دلکش بولرز بیک ڈرائیو کھیلتے ہوئے کوچز سے داد سمیٹی، افتخار احمد، محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے اسپنرز اور پھر پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے اپنے اسٹروکس بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی۔

محمد رضوان کے بعد آل راؤنڈرز اور ٹیل اینڈرز کی باری آئی، عماد بٹ اور شاداب خان خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو سنگلز، ڈبلز لینے کی مشق کرائی گئی۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے پیسرز کوکنڈیشنز سے آگاہ کرتے ہوئے بہتر بولنگ کے گر سکھائے، نیٹ میں شاہین شاہ آفریدی اور محمد موسٰی کی برق رفتار گیندیں بیٹسمینوں کو پریشان کرتی رہیں،محمد حسنین اور عماد بٹ نے بھی اپنی لائن اور لینتھ میں بہتری لانے کیلیے کوشش جاری رکھی، منتخب اسکواڈ میں شامل نہ ہونے کے باوجود پریکٹس کیلیے آنیوالے حسن علی نوجوان پیسرز کی رہنمائی بھی کرتے رہے۔

انھوں نے اپنی اچھی گیندوں پر اپیلزکا سلسلہ بھی جاری رکھا، اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے شاداب خان، عماد وسیم اور عثمان قادر کو ایک ہی نیٹ میں سرگرم رکھتے ہوئے کارکردگی نکھارنے کے نسخے بتائے، شاداب خان گگلی کی لینتھ بہتر بنانے کیلیے بار بار مشورہ بھی کرتے نظر آئے، کیمپ میں حارث رؤف اور شعیب ملک کے سوا تمام کرکٹرز نے رپورٹ کردی ہے، غیر ملکی لیگز میں مصروف دونوں پلیئرز 2روز کی تاخیر سے ساتھیوں کو جوائن کرلیں گے، ہفتے کو پلیئرز ٹارگٹ میچز میں تیاریوں کی جانچ کریں گے۔

دوسری جانب ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریوں کا آغاز ہوگیا، گذشتہ روز اسٹینڈز کی صفائی ستھرائی کا کام جاری رہا، میدان کے اطراف میں جنگلوں کی مرمت کیلیے ویلڈنگ کرنے والے بھی سرگرم رہے، میچز کے دوران فول پروف سیکیورٹی کیلیے قانون نافذ کرنے والے ادارے پلاننگ میں مصروف ہوگئے ہیں۔

انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا،انھوں نے ڈریسنگ روم سمیت اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے اندر اور باہر سیکیورٹی انتظامات کو موثر بنانے کی ہدایت دی، اس موقع پر منیجر قذافی اسٹیڈیم کرنل( ر) ایاز نے انھیں بریفنگ بھی دی۔


اپنا تبصرہ لکھیں