‘آج میں جو کچھ ہوں مانی کی وجہ سے ہوں’


پاکستان کی نامور اداکارہ حرا مانی عموماً اپنے شوہر اداکار و میزبان سلمان ثاقب عرف مانی کی تعریفیں کرتی نظر آتی ہیں۔

وہ اس سے قبل بھی کئی انٹرویوز میں یہ بات مداحوں کو بتاچکی ہیں کہ وہ اپنے کیریئر میں اتنی مقبولیت اپنے شوہر کی وجہ سے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں اور اب اداکارہ نے ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کردی جس میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر مانی کو سراہا۔

حرا مانی کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ‘میں نے حال ہی میں ایک اشتہار دیکھا جس میں ایک لڑکی ٹائر تبدیل کرتی نظر آئی، ویسے تو میں نے کبھی ٹائر تبدیل نہیں کیا لیکن اسے دیکھ کر مجھے ایک دور یاد آگیا’۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ‘آج سے 11 سال قبل جب میں ایک عام لڑکی تھی تب میری شادی ایک نامور شخصیت سے ہوئی اور مجھے صرف مانی کی اہلیہ کے طور پر پہچانا جاتا تھا’۔

مزید پڑھیں: ‘میں اتنے گھٹیا انسان کی بیوی نہیں ہوسکتی’

حرا مانی کے مطابق ‘اس وقت مجھے ایک شو آفر ہوا اور میں بےحد ڈر گئی تھی کہ مجھے اس میں کام کرنا چاہیے یا نہیں کیوں کہ اس وقت میرا بیٹا مزمل بھی میرے ساتھ تھا، لیکن میں یہاں مانی کی تعریف کرنا چاہوں گی کیوں کہ اس نے مجھے یقین دلایا کہ اگر ہم چاہیں تو سب کچھ ہوسکتا ہے’۔

اداکارہ نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ‘آج میں جو کچھ ہوں، جنتی بھی مشہور ہوں، ایک بلاک بسٹر ڈرامے کی مرکزی اداکارہ ہوں تو اس کا سارا کریڈٹ مانی کو جاتا ہے کیوں کہ انہوں نے مجھے خود پر یقین کرنا سکھایا’۔

اپنی ویڈیو میں حرا نے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہ بہت ضروری ہے کہ اپنی بیویوں، اپنی ماؤں اور اپنی بہنوں کو یہ بتایا جائے کہ وہ کچھ ہیں، کیوں کہ جب آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ کچھ ہیں تو پھر آپ یقیناً کچھ بن کر دکھاتے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: ‘دو بول’ کے بعد حرا مانی کی ‘غلطی’

خیال رہے کہ حرا مانی نے اس سے قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے مانی سے شادی کرنے کے لیے سابق منگیتر کو 8 ماہ تک دھوکہ دیا۔

ان دونوں کی شادی 2008 میں ہوئی — فوٹو: فیس بک
ان دونوں کی شادی 2008 میں ہوئی — فوٹو: فیس بک

حرا اور مانی کی شادی 2008 میں ہوئی تھی، اس وقت وہ 19 سال کی تھیں۔

یہ دونوں ایک ساتھ کامیاب ڈرامے ’یقین کا سفر‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔

حرا اس وقت ‘غلطی’ اور ‘میرے پاس تم ہو’ نامی ڈرامے میں کام کررہی ہیں جبکہ ان کا ڈراما ‘دو بول’ بھی کافی مقبول ہوا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں