کراچی:
پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کو بری اداکارہ کہنے کی وضاحت کی ہے۔
گزشتہ برس جولائی میں اداکار فردوس جمال کا پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کے حوالے سے دیا گیا بیان کہ ماہرہ خان کو ہیروئن کے نہیں بلکہ ماں کے کردار کرنے چاہئیں اورماہرہ ماڈل تو ہوسکتی ہیں لیکن وہ نہ تو ایک اچھی اداکارہ ہیں اورنہ ہی ہیروئن نے میڈیا پر تنازع کھڑا کردیا تھا۔
ماہرہ خان سے متعلق فردوس جمال کے اس بیان نے جہاں ماہرہ کے مداحوں کو سخت مایوس کردیا تھا وہیں ان پر کڑی تنقید بھی کی گئی تھی یہاں تک کہ ایک بڑے میڈیا ہاؤس نے ان پر پابندی بھی لگادی تھی۔ تاہم اب حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران فردوس جمال نے اپنے بیان کی وضاحت کی ہے۔
فردوس جمال نے کہاکہ تکنیکی طور پر کوئی چیزوں کو نہیں دیکھتا تو جب میں تکنیکی طور پر بات کرتاہوں تو لوگوں کو برا لگ جاتا ہے۔ ماہرہ خان کی اداکاری کے بارے میں بھی میں نے تکنیکی طور پر بات کی تھی اور لوگوں کو برا لگ گیا۔ حالانکہ میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہےاور نہ ہی میں ماہرہ خان نامی خاتون سے کبھی ملاہوں میں انہیں جانتا بھی نہیں ہوں بس اتنا معلوم ہے کہ وہ کراچی میں رہتی ہیں۔
فردوس جمال نے کہا ماہرہ خان کے ساتھ نہ میں نے کبھی کام کیا اور نہ کبھی بالمشافہ ملاقات ہوئی لہذٰا مجھ سے جب ان کے بارے میں پوچھا گیا تو میں نے کہا ماہرہ خان اسٹار ہیں لیکن وہ اداکارہ نہیں ہیں، ہاں ماڈل اچھی ہیں۔ ماڈلز ہمیشہ اپنی خوبصورتی کو لے کر فکرمند رہتی ہیں کیونکہ اچھا نظر آنا ان کے کام کا حصہ ہوتا ہے، ماڈلز پروڈکٹس کی نمائندگی کرتی ہیں اور وہ کوئی کردار ادا نہیں کرتیں ماڈلز سیلز مین اورسیلز وومن ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فردوس جمال نے بھولے کی اداکاری پربھی سوال اٹھادیئے
فردوس جمال نے کہا کہ ماہرہ خان کا بیک گراؤنڈ ماڈلنگ کا ہے لہٰذا جیسا کہ میں نے کہا کہ ان کی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جو بھی طریقہ اورتکنیک اختیار کرتی ہیں وہ سب ماڈلنگ میں استعمال ہوتا ہے۔ ماڈلز ہمیشہ لائٹننگ، میک اپ اور اپنے بالوں کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں جب کہ اداکاروں کو ان چیزوں کی پریشانی نہیں ہوتی۔ اداکاری کا مطلب ہے خود کی نفی کرنا جب کہ ماڈلنگ کا مطلب ہے خود کو اچھا بنا کر پیش کرنا۔
یہ بھی پڑھیں: فردوس جمال اور ماہرہ کے تنازع میں شان بھی کود پڑے
فردوس جمال نے کہا پاکستان میں مشہور اسٹارز کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے لوگ انہیں دیکھنا چاہتے ہیں جن سے وہ پیار کرتے ہیں اور ماہرہ خان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔ یاد رہے کہ فردوس جمال نے انٹرویو کے دوران ماہرہ خان کی عمر کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر کوئی بات نہیں کی۔