حارث تینوں فارمیٹ میں کھیلنے کے مضبوط امیدوار

حارث تینوں فارمیٹ میں کھیلنے کے مضبوط امیدوار


لاہور: 

 شاندار فارم کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کیلیے مضبوط امیدوار بن گئے۔

مصباح الحق نے کہا کہ پی ایس ایل میں عمدہ بولنگ سے متاثر کرنے والے حارث رؤف اس وقت میری نظروں میں آئے جب میں ہیڈ کوچ نہیں بلکہ ایک کنڈیشننگ کیمپ کا کمانڈنٹ تھا، فاسٹ بولر نے ڈومیسٹک کرکٹ کے 4روزہ مقابلوں میں اپنی فٹنس اور فارم پر بہت محنت کیا جس کی بدولت بگ بیش لیگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے،میں نے کیمپ کے دوران بھی سوچا تھا کہ اچھی رفتار رکھنے والے پیسر فٹنس کے ساتھ مہارت میں بھی بہتری لاتے ہوئے تینوں فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے کام آسکتے ہیں،انھوں نے بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی سے اہلیت ثابت کردی،امید ہے کہ ملک کیلیے پرفارم کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹwww.cricketpakistan.com.pkکو انٹرویو میں حارث رؤف نے کہا تھا کہ صرف ٹی ٹوئنٹی بولر ہونے کا تاثر درست نہیں، تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔

دریں اثناء پریس کانفرنس میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ حارث رؤف نے پی ایس ایل میں بھی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی تھی،انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید محنت کا کہا گیا تھا، بگ بیش میں پیسر نے ثابت کیا کہ ان کی بولنگ میں نمایاں بہتری آگئی ہے،ورائٹی بھی نظر آئی، امید ہے کہ اپنی صلاحیتوں سے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں