چائنا موبائل پاکستان (سی ایم پی) یعنی زونگ نے چین – پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے تحت پاکستان سے چین فون کالز کے نئے پیکیجز متعارف کرادیے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ زونگ نے سی پیک منصوبے کے تحت دونوں ممالک میں رہنے والے افراد میں رابطے کے لیے سستے ترین فون کالز پیکیجز متعارف کرائے ہیں۔
عام طور پر پاکستان سے بیرون ممالک فون کالز کے چارجز لوکل فون کالز سے زیادہ ہوتے ہیں تاہم زونگ نے نئے پیکیجز کے تحت چین میں کال کرنے کے چارجز مقامی چارجز کے برابر کردیے۔
یہ بھی پڑھیں: زونگ کا فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
زونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی نے پاکستان سے چین فون کالز کے 2 نئے سستے کالز پیکیجز متعارف کرادیے جو پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ کسٹمرز یکساں طور پر استعمال کر سکیں گے۔
نئے پیکیجز کے تحت صارفین 250 روپے علاوہ ٹیکس کے پیکیج سے ہفتہ بھر چین فون کالز کر سکیں گے جب کہ دوسرے پیکیج کے تحت صارفین محض 750 روپے علاوہ ٹیکس کے پیکیج سے پورا مہینہ کال کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔
زونگ کی جانب سے مذکورہ پیکیجز فور جی سروس کے تحت دیے گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ صارفین کو چین فون کالز کرنے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صارفین ہفتہ وار پیکیج کو حاصل کرنے کے لیے اپنے موبائل فون کے میسج آپشن میں جاکر ’سب سی این اے ڈبلیو‘ لکھ کر 4083 پر میسیج بھیج کر بھی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: زونگ کا مفت واٹس ایپ سروس فراہم کرنے کا اعلان
اسی طرح ماہانہ پیکیج حاصل کرنے کے لیے صارفین اپنے موبائل فون کے میسج آپشن میں جاکر ’سب سی این اے ایم‘ لکھ کر 4083 پر میسیج بھیج کر سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
ہفتہ وار پیکیج حاصل کرنے کے لیے صارفین کے موبائل میں 320 روپے تک جب کہ ماہانہ پیکیج حاصل کرنے کے لیے صارفین کے موبائل میں 850 روپے تک کا بیلنس لازمی ہونا چاہیے۔