بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں دورہ پاکستان پر رضامند

بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں دورہ پاکستان پر رضامند


پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے انعقاد پر معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان کے دورے اور ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامند ہو گئی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے انعقاد کے حوالے سے چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سیریز کے انعقاد پر متفق ہو گئے ۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جہاں یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہو گی۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں دورے کے لیے راضی کیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر نے منگل کی دوپہر دبئی میں دونوں بورڈز کے حکام کے درمیان ملاقات میں بنگلہ دیش کو دورہ پاکستان کے لیے راضی کرنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔

بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کے لیے شیڈول ازسرنو مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش کی ٹیم رواں ماہ تین ٹی20 اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان آئے گی جس کے بعد اپریل میں دونوں ٹیموں کے درمیان مزید ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے، کرس گیل

پاکستان سپر لیگ کے انعقاد اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے دورے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم پہلا ٹی20 میچ 24 جنوری کو لاہور میں کھیلے گی جس کے بعد قذافی اسٹیڈیم 25 اور 27 جنوری کو بھی ٹی 20 میچز کی میزبانی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پاکستان میں 20 فروری سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: سری لنکن ٹیم کے ساتھ آنے والے میڈیا نمائندے نے پاکستان کو کیسا پایا؟

پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر بنگلہ دیش کی ٹیم اپریل میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں سیریز کا واحد ون ڈے میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد 5 سے 9 اپریل تک سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی۔

بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا جہاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹی 20 کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے پر تو رضامند تھا لیکن وہ ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار تھا.

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے انعقاد کے سلسلے میں کئی مرتبہ رابطے ہوئے لیکن منطقی نتیجہ برآمد نہ ہوا کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی تمام میچز کا انعقاد کرے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا انعقاد اس وقت خطرے میں پڑ گیا تھا جب اتوار کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اجلاس کے بعد بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے بیان دیا تھا کہ حکومت نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے سبب ٹیم کو طویل دورہ پاکستان کی اجازت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ میچز کہیں اور منتقل کرنے سے انکار

حال ہی میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی گئے اور وہاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے گفتگو کر کے انہیں ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند کیا۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈ کھیل اور کرکٹ کھیلنے والی بافخر قوموں کے مفاد میں ایک معاہدے پر متفق ہو گئے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے بنگلہ دیش کو راضی کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

منگل کو آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات میں شرکت کرنے والے پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ یہ دونوں کرکٹ بورڈز کی کامیابی ہے، مجھے خوشی ہے کہ سیریز کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا اور اب ہم میچز کے بہترین انعقاد کے حوالے سے منصوبہ بندی کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ دورہ پاکستان کے خواہش مند

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے انہیں یہ یقین ہو جائے گا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کی طرح محفوظ ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین مقامات پر میچز کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کرکٹ اسٹارز کو لائیو ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں