جگمگاتی ٹرافی بابر اور شاہین کی دسترس میں آنے لگی


لاہور: 

 جگمگاتی ٹرافی بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی دسترس میں آنے لگی،ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت دونوں کرک انفو ایوارڈز کے لیے نامزد ہوگئے۔

سال بھر میں بہترین انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر دیے جانے والے ایوارڈز کا فیصلہ ایک جیوری کے ووٹس سے کیا جاتا ہے،اس میں رمیز راجہ سمیت سابق کرکٹرز، مبصرین اور ویب سائٹ کے سینئر رائٹرز شامل ہیں،ون ڈے پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے نامزد امیدواروں میں بابراعظم کا نام بھی شامل ہے،نوجوان بیٹسمین نے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ناقابل شکست 101رنز بنائے تھے۔

اس فہرست میں ناتھن کولٹر نائل، شیکھر دھون، روہت شرما، شکیب الحسن، شیمرون ہٹمائر، کین ولیمسن، کارلوس بریتھ ویٹ، جونی بیئراسٹو اور بین اسٹوکس کے نام بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے بولنگ پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے نامزد امیدواروں میں شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، پیسر نے ورلڈکپ میچ میں بنگلادیش کے تمیم اقبال اور لٹن داس کو سلو بال، محموداللہ اور مستفیض الرحمان کو یارکرز کا نشانہ بنایا، ان فارم شکیب الحسن اور سیف الدین بھی ان کی برق رفتار گیندوں کا سامنا نہ کرپائے،شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز دے کر 6شکار کیے۔

فہرست میں جھے رچرڈسن، یوزیندرا چاہل، ٹرینٹ بولٹ، اوشین تھامس، اسٹارک اور مالنگا بھی موجود ہیں، بہترین ٹیسٹ پرفارمنس آف دی ایئر ایوارڈز کیلیے نامزد ہونے والوں کی فہرست میں میں کوئی پاکستانی جگہ نہیں بناسکا۔

بیٹسمینوں میں ڈی کک، کوہلی، کوشل پریرا، اسٹیون اسمتھ، بین اسٹوکس، ٹام لیتھم، بی جے واٹلنگ، ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کو رکھا گیا ہے، بولرز کی فہرست میں کیمار روئچ، پیٹ کمنز، ٹم مرٹیگ،جوش ہیزل ووڈ، جوفرا آرچر، جسپریت بمرا، راشد خان، نیل ویگنر اور ناتھن لیون شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں