لاہور / کراچی:
آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے نائیجیریا کیخلاف 9 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی، پاکستانی ٹیم نے 109رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ پر 14.3 اوورز پر حاصل کرلیا، حیدرعلی نے70 رنز بنا کر گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، عامرعلی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے خطرناک عزائم ظاہر کر دیے، نائیجیریا کیخلاف وارم اپ میچ میں یکطرفہ مقابلے میں9 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، منڈیلا اوول گراؤنڈ میں منعقدہ میچ میں نائیجیریا کی ٹیم 36.2 اوورز میں صرف109 رنزبناکرپویلین لوٹ گئی،9کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے، سولیمون رنسیوی سب سے کامیاب بیٹسمین رہے انھوں نے 29 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، سموئل ایم بی اے 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے، پاکستانی ٹیم کی طرف سے سب سے کامیاب بولر عامر رہے، انھوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ قاسم اکرم اور عباس آفریدی نے 2، 2جبکہ طاہر حسین، محمد وسیم اور فہد منیر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پاکستانی لٹل اسٹارز نے ہدف صرف ایک وکٹ پر پورا کر لیا، حیدر علی نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور صرف 38 گیندوں پر 70 رنز بنانے میں کامیاب رہے، محمد حارث نے18 اور فہد منیر نے 14 رنز بنائے۔دیگر پریکٹس میچز میں زمبابوے اور انگلینڈ کا مقابلہ بے نتیجہ تمام ہوگیا،سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے میں 15رنز سے شکست دے دی، سری لنکنز نے پہلے کھیل کر 197 رنز جوڑے، اوپنر این پرانا ویتھانا نے 68 رنز اسکور کیے، میزبان الیون 182 رنز بناسکی، جے برڈ 71 اور جے لیز 46 رنز بناکر نمایاں رہے، اے ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔