ارب پتی شخص کو ’چاند‘ پر جانے کے لیے نوجوان خاتون کی تلاش


تین سال بعد 2023 میں چاند کے پہلے نجی دورے کے لیے منتخب ہونے والے جاپانی ارب پتی 44 سالہ فیشن و آرٹ ڈیزائنر یساکو مائزاوا نے ’چاند‘ کے سفر کے لیے خاتون ساتھی کی تلاش شروع کردی۔

یساکو مائزاوا کو ستمبر 2018 میں امریکی سائنسی ادارے ’اسپیس ایکس‘ نے چاند کے پہلے نجی سیاحتی دورے کے لیے منتخب کیا تھا۔

’اسپیس ایکس‘ کی جانب سے ابتدائی طور پر 2018 میں نجی خلائی سیاحتی دورے کے پروگرام کے تحت 2 افراد کو ’چاند‘ پر بھجوایا جانا تھا تاہم بعد ازاں کمپنی نے پروگرام کو چند سال تک مؤخر کرتے ہوئے 2023 تک نجی سیاحتی دوروں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

منصوبے کے تحت ’اسپیس ایکس‘ چاند کے دورے کی خواہش رکھنے والے دنیا کے امیر ترین افراد کو ’چاند‘ کا دورہ کروائے گا اور منصوبے کے تحت بیک وقت صرف 2 افراد کو ہی چاند پر لے جایا جائے گا۔

ایلون مسک منصوبے کے تحت یساکو مائزاوا کو پہلے سیاح کے طور پر منتخب کر چکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
ایلون مسک منصوبے کے تحت یساکو مائزاوا کو پہلے سیاح کے طور پر منتخب کر چکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

چاند کے دورے کے لیے ’اسپیس ایکس‘ اپنے ہی راکٹ استعمال کرے گا تاہم اسے ’امریکی خلائی تحقیقی ادارے‘ (ناسا) کی معاونت حاصل رہے گی۔

اسی منصوبے کے تحت 2023 میں جاپانی فیشن و آرٹ ڈیزائنر 44 سالہ یساکو مائزاوا کو سب سے پہلے چاند پر بھجوایا جائے گا تاہم وہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کوئی خوبرو اور بہادر خاتون بھی چاند پر جائے۔

’چاند‘ کے پہلے نجی سیاحتی دورے کے لیے منتخب ہونے والے ارب پتی جاپانی فیشن ڈیزائنر نے خوبرو، نوجوان اور بہادر خاتون تلاش کرنے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر دنیا بھر کی خواتین سے درخواستیں طلب کرلیں۔

یساکو مائزاوا کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اشتہار کے مطابق انہیں کم سے کم 20 سال یا اس سے زائد عمر کی بہادر اور خوبرو خاتون درکار ہے۔

ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ ارب پتی جاپانی فیشن ڈیزائنر چاند کے دورے کو یادگار بنانے کے لیے کسی خوبرو خاتون کے ساتھ چاند کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے خواہش مند خواتین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

اشتہار میں یساکو مائزاوا کا تعارف بھی دیا گیا ہے کہ وہ کون ہیں اور وہ کس طرح ارب پتی بنے؟

ویب سائٹ کے مطابق یساکو مائزاوا دراصل اپنے فیشن ہاؤس ’زوزو‘ کی وجہ سے ارب پتی بنے جنہیں انہوں نے 2018 میں فروخت کردیا تھا اور اب ان کی مجموعی دولت 2 ارب امریکی ڈالر ہے۔

ارب پتی فیشن ڈیزائنر نے ساتھی خاتون تلاش کرنے کے لیے منفرد طریقہ اختیار کیا—فوٹو: مائزاوا ٹی وی
ارب پتی فیشن ڈیزائنر نے ساتھی خاتون تلاش کرنے کے لیے منفرد طریقہ اختیار کیا—فوٹو: مائزاوا ٹی وی

یساکو مائزاوا اور ان کی گرل فرینڈ 27 سالہ اداکارہ و ماڈل ایامی گوریکی میں علیحدگی کے بعد ارب پتی شخص نے چاند پر سیاحت کے ساتھ جانے کے لیے خواتین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

ویب سائٹ پر واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ ارب پتی فیشن ڈیزائنر کو صرف چاند کے دورے کے لیے خوبرو اور بہادر خاتون درکار ہے۔

ویب سائٹ پر دیے گئے اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر کی خواتین ارب پتی شخص کے ساتھ چاند پر جانے کے لیے منتخب ہونے کے لیے 17 جنوری 2020 تک آن لائن درخواستیں دے سکتی ہیں۔

ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دینے کا طریقہ بھی موجود ہے جب کہ ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ شارٹ لسٹ ہونے والی خواتین میں سے کسی ایک خاتون کو تین مہینے کے طویل وقت میں ہونے والے مختلف مراحل کے بعد منتخب کیا جائے گا۔

ایامی گوریکی سے علیحدگی کے بعد ارب پتی شخص نے خاتون ساتھی تلاش کرنے کا منصوبہ بنایا—فوٹو: فیس بک
ایامی گوریکی سے علیحدگی کے بعد ارب پتی شخص نے خاتون ساتھی تلاش کرنے کا منصوبہ بنایا—فوٹو: فیس بک

ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ مارچ 2020 کے آخر تک چاند پر جانے کے لیے کسی ایک خاتون کا انتخاب کیا جائے گا جسے 2023 میں ارب پتی فیشن ڈیزائنر کے ساتھ دورہ کرنا پڑے گا۔

ویب سائٹ پر جاری اشتہار میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ منتخب ہونے والی خاتون کو ارب پتی فیشن ڈیزائنر کے ساتھ چاند کا دورہ کرنے کے لیے شادی کرنی پڑے گی یا نہیں۔

اور نہ ہی منتخب ہونے والی خاتون کے ساتھ کسی معاہدے کیے جانے کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

ارب پتی فیشن ڈیزائنر نے دنیا بھر کی خواتین کو درخواستیں دینے کے لیے پیش کش کردی—فوٹو: مائزاوا ٹی وی
ارب پتی فیشن ڈیزائنر نے دنیا بھر کی خواتین کو درخواستیں دینے کے لیے پیش کش کردی—فوٹو: مائزاوا ٹی وی

اپنا تبصرہ لکھیں