انٹرنیشنل کرکٹ کونسل 4 روزہ ٹیسٹ کی تجویز پر قائم


اندور: 

بڑھتی ہوئی مخالفت کے باوجود آئی سی سی4روزہ ٹیسٹ کی تجویز پر قائم ہے جب کہ مارچ میں شیڈول اجلاس کے دوران غور کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب  سے گذشتہ دنوں 2023 سے  ٹیسٹ میچ کو4 روز تک محدودکرنے کی تجویز سامنے آئی، اس کی فوری طور پر کئی سابق اور موجودہ کرکٹرز مخالفت کرچکے جبکہ مزید کرکٹرز کی ناپسندیدگی کا اظہار سامنے آرہا ہے،پاکستانی کوچ مصباح الحق بھی اسے مسترد کرچکے،آسٹریلیا کے موجودہ کپتان ٹم پین اور سابق کپتان رکی پونٹنگ بھی مخالفین میں شامل ہیں، اسپنر ناتھن لیون اسے مضحکہ خیز قرار دے چکے۔

آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن مخالفت میں سامنے آچکی تاہم دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلزبورڈ کی جانب سے حمایت میں بیان دیے جاچکے ہیں، البتہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروگنگولی اس تجویز کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے تبصرے سے انکار کرچکے ہیں۔

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور  سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کا اس بارے میں کہنا ہے کہ چونکہ میں اس کمیٹی کا حصہ ہوں اس لیے اپنی رائے سے متعلق نہیں بتاسکتا، ہم دبئی میں مارچ میں شیڈول میٹنگ کے دوران اس پر غور کریں گے،وہاں جو بات ہوئی اس کے بارے میں آپ کو علم ہوجائے گا، انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں 4 روزہ ٹیسٹ سے متعلق اپنی رائے دینے والے موجودہ اور سابق کرکٹرز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پھر آپ کہیں گے کہ 3 روزہ ٹیسٹ ہونا چاہیے، یہ سلسلہ کہاں پر جاکر رکے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں