کراچی: سرجانی ٹاؤن سے بوری میں بند ملنے والی لاش کی شناخت حیدرآباد کے ایک تاجر سے کرلی گئی۔
ایس ایس پی ویسٹ فداحسین جعفری کے مطابق گزشتہ روز سرجانی ٹاون کے علاقے نیک محمد گوٹھ سے ملنے والی بوری بند لاش کی شناخت عمران کھتری کے نام سے ہوئی ہے جو حیدرآباد سے تعلق رکھتا تھا اور کپڑے کا کاروبار کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول جمعہ کو کاروبار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا جس کے بعد سے اہل خانہ سے رابطے میں نہیں تھا۔
پولیس نے بتایا کہ عمران کھتری کو نائن ایم ایم پستول سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا, لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور منہ پر ٹیپ چپکایا گیا تھا۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی ہوم سہراب گوٹھ کے سرد خانے میں رکھوائی تھی جسے اہل خانہ نے شناخت کے بعد سرد خانے سے وصول کیا اور تدفین کے لیے حیدرآباد لے گئے۔