اب سبز چائے عمر بھی بڑھائے


بیجنگ: 

سبز چائے کے بہت سارے فوائد سے آپ واقف ہوں گے لیکن اب خبر یہ ہے کہ سبز چائے مجموعی طور پر عمر بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

چینی اکیڈمی برائے طبی سائنس نے اس بات کی کھوج کے لیے ایک طویل مطالعہ کیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے ایک لاکھ ایسے لوگوں کا جائزہ لیا جنہیں امراضِ قلب، فالج اور کینسر جیسے امراض لاحق نہیں تھے۔

تحقیق میں شریک افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ ان میں سے ایک گروہ نے ہفتے میں تین یا اس سے زائد مرتبہ سبز چائے پینے کا معمول بتایا جبکہ کبھی کبھار سبز چائے پینے والوں نے کہا کہ وہ ہفتے میں تین کپ سے کم چائے پیتے ہیں۔

یہ مطالعہ مسلسل سات سال تک جاری رہا اور اس کے نتائج یورپی جنرل آف پری وینٹوو کارڈیالوجی میں شائع ہوئے ہیں۔ مطالعے سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے پابندی سے سبز چائے استعمال کی ان میں فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ 20 فیصد اور اس سے مرنے کا 22 فیصد خدشہ کم ہوا۔ اسی طرح کسی بھی مرض سے موت کا خدشہ بھی 15 فیصد کم تھا۔

اب جن افراد نے کبھی کبھار سبز چائے پی تو ان میں 50 برس کے بعد دل کی شریانوں کا مرض زیادہ دیکھا گیا اور اوسطاً 50 برس سے دو برس اوپر ہونے پر انہیں فالج اور دل کے امراض نے آگھیرا تاہم جنہوں نے سبز چائے کو ہاتھ نہیں لگایا ان میں صحت کے کئی طرح مسائل پیدا ہوئے اور جان لیوا بھی ثابت ہوئے۔

ایک دوسرے جائزے سے معلوم ہوا کہ ہفتے میں تین کپ یا اس سے زائد سبز چائے پینے سے فالج اور امراضِ قلب لاحق ہونے کا خدشہ 39 فیصد اور جان لیوا ہارٹ اٹیک کا خطرہ 56 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سبز چائے کو اپنی زندگی کا حصہ ضرور بنائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں