ممبئی: 4روزہ ٹیسٹ پر کرکٹرز بھی ناک بھوں چڑھانے لگے جب کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) نے آئی سی سی سے تجویز کا اصل مقصد سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔
فیکا نے کہا ہے کہ جب تک یہ واضح نہیں کیا جائے گا کہ کیلنڈر میں بچنے والی خالی جگہ کو کیسے استعمال کیا جائے گا تب تک 4 روزہ ٹیسٹ کی حمایت نہیں ہو سکتی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مصروف ترین شیڈول اور پلیئرز پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے 5 روزہ ٹیسٹ میں ایک دن کٹوتی کی تجویز دی، جس کا مارچ میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا۔دنیا بھر کی کرکٹرز ایسوسی ایشن کی فیڈریشن کو خدشہ ہے کہ اس طرح کیلنڈر میں بچنے والی جگہ زیادہ کرکٹ سے پُر کی جائے گا۔
فیکا کے اعلامیہ میں کہاگیاکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز سے بات چیت اور گلوبل سروے ڈیٹا سے واضح ہواکہ روایتی فارمیٹ میں تبدیلی کے حوالے سے منفی قسم کے جذبات پائے جاتے ہیں، اگر آئی سی سی اور بورڈز اس تجویز پر عملدرآمد چاہتے ہیں تو پھر ہم جاننا چاہیں گے کہ 4 روزہ ٹیسٹ کے کیا معاشی اور شیڈولنگ فوائد ہوں گے۔ اس کے بعد ہم پلیئرز سے بات کرکے حقیقی مشترکہ فیڈ بیک حاصل کریں گے، خاص طور پر ہمارے اورکھلاڑیوں کیلیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ٹیسٹ میچ کو مختصر کرنے سے کیلنڈر میں جو جگہ بچے گی اسے کیسے استعمال کیا جائے گا، ایسا نہ ہوکہ بے معنی کرکٹ کیلیے روایتی فارمیٹ کو بدل دیا جائے، ہم ایسی کسی بھی چیز کی کبھی حمایت نہیں کریں گے۔
فیکا نے آخر میں خبردار کیا کہ جب تک پلیئرز کو اس تجویز کی مکمل وضاحت نہیں کی جاتی، ہم بدستور پانچ روزہ کرکٹ کے حامی رہیں گے اور کسی بھی قسم کی زبردستی تبدیلی کے خلاف مزاحمت ہوگی۔