اسلام آباد:
رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 162 ارب روپے استعمال ہوئے جب کہ یہ رقم پورے مالی سال کے لیے مختص کردہ ترقیاتی بجٹ کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل منعقدہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے سامنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو نظرانداز کیے جانے کا ایشو اٹھایا تھا۔
وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے اجلاس میں اراکین پارلیمان کو ترقیاتی فنڈ دینے کی تجویزکی مخالفت کی۔ اجلاس کے بعد انھوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ترقیاتی فنڈز اراکین پارلیمان کے بجائے ضلع اور تحصیل سطح پر دیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر فنڈز جاری نہ کرنے کی بنیادی وجہ صوبائی مالیاتی ایوارڈز کی عدم دستیابی ہے۔
وزارت خزانہ کی مالیاتی آپریشن کی سمری کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ ( جولائی تا دسمبر) کے دوران مجموعی ترقیاتی اخراجات 162 روپے رہے جو 701 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کا صرف 23 فیصد ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترقیاتی اخراجات 11.6 فیصدکی زیادتی سے 183.2ارب روپے تھے۔
6 ماہ میں ترقیاتی اخراجات کی صورتحال کے پیش نظر کہا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت مسلسل دوسرے سال پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کا بجٹ استعمال کرنے میں ناکام رہے گی۔ تاہم اسد عمر کا کہنا ہے کہ وہ پورے ترقیاتی بجٹ کا استعمال یقینی بنانے کے لیے مالی سال کے باقی عرصے میں ترقیاتی اخراجات کی رفتار بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ معاشی نمو کی رفتار بڑھانے کے لیے حال ہی میں وفاقی کابینہ نے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی حکمت عملی تبدیل کی۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی منظورکردہ حکمت عملی کے تحت ہر منصوبے کے لیے ترقیاتی اخراجات پہلی سہ ماہی کے لیے 20 فیصد، دوسری اور تیسری سہ ماہی کے لیے 30 فیصد اور چوتھی سہ ماہی کے لیے 20 فیصد کے تناسب سے جاری کیے جائیں گے۔ ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں سست رفتاری کے حوالے سے وزارت خزانہ پر بھی تنقید کی جارہی ہے کہ اس سست رفتاری کی وجہ آئی ایم ایف کے مالیاتی خسارے کے تخفیف شدہ اہداف حاصل کرنا بھی ہے۔