اسلام آباد: ایک طرف جہاں جاز اور زونگ کے درمیان ففتھ جنریشن (5 جی) موبائل ٹیکنالوجی کے ٹیسٹ ٹرائل پر مقابلہ بڑھ رہا ہے تو وہی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن نے ملک میں 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
یہ کمیٹی جس کا آئندہ دنوں میں اعلان متوقع ہے، اس کی سربراہی وزارت آئی ٹی کا رکن کرے گا جبکہ اس کے علاوہ ملک میں کام کرنے والی چاروں ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے اور فریکیوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے افسر بھی شامل ہوں گے۔
مذکورہ کمیٹی 5 جی لائسنسز کی نیلامی سے متعلق پالیسی سمیت اس کی فیس اور دیگر معاملات کو طے کرے گی۔
اس کمیٹی کو وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں 5جی کا ٹیسٹ ٹرائل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ’زونگ‘ کے بعد ’جاز‘ کا بھی فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
واضح رہے کہ جاز اور زونگ کی جانب سے 5جی ٹیسٹ سوشل میڈیا پر دونوں کمپنیوں کے حمایتیوں کے درمیان ایک جنگ کی صورتحال اختیار کرگیا۔
اگرچہ زونگ کی جانب سے اگست 2019 میں 5جی ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن کمپنی نے جاز کی جانب سے ہفتے کو اپنی ‘ففھ جنریشن’ (5 جی) موبائل ٹیکنالوجی کو ٹیسٹ کرنے کے بعد زونگ نے اتوار کو دوبارہ اپنی 5 جی کارکردگی چیک کی۔
جاز کی جانب سے اپنے اسلام آباد میں موجود ہیڈکوارٹرز میں اس ٹیسٹ ٹرائل کو کیا گیا۔
اس حوالے سے کمپنی کا کہنا تھا کہ کامیاب ایچ ڈی وائس اور ویڈیو کالز کے ساتھ اوسطاً ایک ہزار 452 ایم بی پی ایس کی ڈاؤن لوڈ اور 68 ایم بی پی ایس کی اپ لوڈ اسپیڈ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ تکنیکی اصطلاحات ‘ایم بی پی ایس’ کا مطلب میگابائٹ پر سیکینڈ ہے جو ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ اسپیڈ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں ایک بیان میں جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا تھا کہ 5جی کا آغاز مستقبل کے صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ابتدائی 5 جی ٹرائلز سے خوش ہیں اور جب بھی حکومت کی جانب سے اس عمل کو شروع کیا جاتا ہے تو ہم پاکستان بھر میں ٹیکنالوجی تیز ٹریک پر رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
عامر ابراہیم نے کہا کہ یہ ٹرائلز ڈیجیٹل پاکستان کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم جدید موبائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں آگے چل رہے ہیں۔
ساتھ ہی بیان میں کہا گیا کہ حکومت جب بھی اس کے کمرشل آغاز کی اجازت دے گی تو جاز 5جی کی گیم چینجنگ سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلی کام ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظوری سے جاز، اسلام آباد میں ایف 8، جی 7، ای 7 اور بلیو ایریا میں اپنے دفاتر میں 20 روز کے لیے عام صارفین کے لیے اپنی 5جی سروس کو پیش کررہا ہے، جہاں شہری اپنی 5جی کی حامل ڈیوائسز کے ذریعے اگلی نسل کے تیز ترین انٹرنیٹ کی اسپیڈ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زونگ کا فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
علاوہ ازیں زونگ نے بھی اپنی پہلی 5جی ویڈیو کال کامیابی سے مکمل کی اور وہ اس ٹیسٹ کے دوران ڈیڑھ جی بی فی سیکنڈ سے زائد کی اسپیڈ تک پہنچا۔
اس حوالے سے زونگ کے چیئرمین اور سی ای او وانگ ہوا نے کہا کہ ہم پاکستان کو دنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹلی جڑے ہوئے ممالک میں سے ایک بنانے کے لیے مزید ٹیکنالوجی اور جدید ترین سہولیات کا استعمال کریں گے۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ٹیلی نار بھی مستقبل قریب میں اپنے 5جی ٹیسٹ کا اعلان کرنے جارہا ہے اور کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹرائل کے لیے پی ٹی اے کو درخواست جمع کروادی گئی ہے۔