فیصل آباد:
چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پراجیکٹ میں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔
چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت قائم ہونے والے پاکستان کے پہلے اسپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لیے 3317 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے۔ اس میں سے 700 ایکڑ سے زائد زمین کی فروخت کے معاہدے ہو چکے ہیں اور بہت سے غیر ملکی و مقامی سرمایہ کار رابطے میں ہیں۔ یہاں زمین لینے والی 12 کمپنیوں کو رواں ماہ ہی زمین کا قبضہ دیدیا جائے گا تاکہ وہ صنعتی یونٹس کی تعمیر شروع کر سکیں۔
اس پراجیکٹ میں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔