پاکستان کے نامور اداکار و ہدایت کار یاسر نواز اب اپنے کیریئر میں کچھ نیا کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے جلد ایک ریسٹورنٹ کھولنے جارہے ہیں جس کا نام ‘دی فوریسٹ’ رکھا گیا ہے۔
یاسر نواز نے اپنے اس نئے بزنس کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرکے مزید تفصیلات شیئر کیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ اپنا ریسٹورنٹ کھولوں لیکن اس بزنس کا حصہ بننے کا حوصلہ مشکل سے آیا، میں کھانے کا بے حد شوقین ہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے ریسٹورنٹ کھولنے کا فیصلہ کیا’۔
یاسر نواز نے مزید کہا کہ ‘حقیقت یہ ہے کہ اگر اداکاری، ہدایت کار یا پروڈکشن کی بات کی جائے تو میں آج کل بہت زیادہ کام نہیں کررہا، اس لیے میں نئے بزنس کا آغاز کرنا چاہتا تھا، میں نے ایسا کچھ اس سے قبل نہیں کیا، میں نے اپنے ایک دوست سے رابطہ کیا جو اس بزنس میں پہلے سے ہے اور مشورہ مانگا کہ کس طرح ریسٹورنٹ بنایا جاسکتا ہے، جس کے بعد ہم دونوں نے مل کر کراچی کے علاقے کلفٹن میں یہ ریسٹورنٹ کھولنے کا فیصلہ کیا’۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے ریسٹورنٹ میں سب سے زیادہ فوکس دیسی کھانوں پر رکھا جائے گا۔
یاسر نواز کے مطابق ‘آج کل جو کھانے شوق سے کھائے جاتے ہیں وہ بار بی کیو، کڑاہی جیسے پکوان ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم کڑاہی، دال مکھنی جیسے کھانے پیش کریں گے’۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘ہماری پہلی ترجیح کھانے کے ذائقے پر ہوگی، اس لیے ہم نے ایسے شیف بلائے ہیں جو اپنے کام کے ماہر ہیں، ان کا پہلے اوڈیشن لیا گیا اور پھر انہیں ریسٹورنٹ کا حصہ بنایا گیا، ریسٹورنٹ کے سجاوٹ پر بھی توجہ دی گئی ہے اور امید ہے کہ لوگوں کو یہ پسند آئے گی’۔
یاسر نواز کو سپورٹ کرنے کے لیے ان کی انڈسٹری کے کئی جانے مانے اداکاروں نے بھی ویڈیو پیغامات جاری کیے جن میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یاسر نواز کی طرح ان کی اہلیہ ندا یاسر بھی اداکاری کے علاوہ اب دوسرے بزنس میں قسمت آزما رہی ہیں۔
ندا یاسر نے حال ہی میں اپنے ملبوسات کا برینڈ لانچ کیا جسے انٹرنیٹ پر خاصی توجہ مل رہی ہے۔