کراچی:
اداکارہ مایا علی اورعثمان خالد بٹ کا شمارپاکستان شوبز انڈسٹری کی آن اسکرین مقبول ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ دونوں ایک ساتھ کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہردکھا چکے ہیں جن میں’’ایک نئی سنڈریلا‘‘، ’’عون زارا‘‘، ’’دیاردل‘‘ اور’’صنم‘‘ شامل ہیں اور ان تمام ڈراموں میں دونوں کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا تھا۔
عثمان خالد بٹ اور مایا علی نہ صرف بہترین اداکارہیں بلکہ ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں تاہم دونوں کے متعلق اکثر خبریں گردش کرتی رہتی ہیں کہ دونوں کا رشتہ دوستی سے کچھ زیادہ ہے۔ ایک بارتو دونوں کی منگنی کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں جب کہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ دونوں شادی کرچکے ہیں۔
جہاں مایا علی کی اس تصویر کو سوشل میڈیا پر سراہا گیا وہیں ایک صارف نے تصویرپرتبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کیا مایا علی اب بھی عثمان خالد بٹ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی ہوئی ہیں؟ کیونکہ دونوں ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔
مایا علی نے اس صارف کے سوال کا جواب دینے کے ساتھ اپنے اورعثمان خالد بٹ سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کیا میں نے اور میری فیملی نے یا عثمان اور اس کی فیملی نے کبھی کہا کہ ہماری شادی ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مایا نے نہایت غصے میں کہا آپ کو سوال کرنے کا حق ہے لیکن مہربانی کرکے کسی کے بارے میں کوئی بیان یا حتمی رائے دینے سے گریزکریں، شکریہ۔
یہ تبصرہ صارف کی جانب سے بعد میں ڈیلیٹ کردیا گیا تھا لیکن اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے۔