واشنگٹن:
عراق میں سفارت خانے پر حملے کے بعد امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
عراق میں گزشتہ روز سفارت خانے پر حملے کے بعد امریکا نے مشرق وسطیٰ میں فوری طور پر مزید فوج بھیجنے کا اعلان کیا ہے، امریکی سیکریٹری دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ریپڈ رسپونس یونٹ سے تقریباً 750 کے قریب فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کیا جائے گا۔
امریکی سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے بیان میں کہا کہ مزید فوج بھیجنے کا فیصلہ امریکی تنصیبات، املاک اور شہریوں کے خلاف بڑھتے حملوں کے پیش نظر کیا گیا جیسا کہ گزشتہ روز عراق میں امریکی سفارت خانے پر حملے کی صورت میں دیکھا گیا، امریکا اپنے شہریوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی فضائی بمباری میں 25 سے زائد افراد کی ہلاکت کے خلاف مظاہرین نے بغداد میں شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے امریکی سفارتخانے پر دھاوا بول دیا اور دیوار پر چڑھ کر جھنڈے لہرائے، مشتعل مظاہرین نے امریکا مخالف شدید نعرے بازی کی اور سیکورٹی کیمرے بھی توڑ دیے۔