پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے دنیش کنیریا کے ساتھ امتیازی سلوک کے حوالے سے میڈیا کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے ماضی میں بھی ٹیم میں کسی کے ساتھ برا سلوک نہیں ہوا ہوگا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں شان دار سنچری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اظہر علی کا کہنا تھا کہ ‘ہر بلے باز کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہر میچ میں بہتر سو فیصد دوں اور اسی طرح اپنی فارم کو بحال رکھے اور ہر موقع پر اپنی فارم کو بہتر بنائے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بنگلہ دیش کی ٹیم کے دورے کے حوالے سے پہلے ہی واضح کیا گیا ہے اور اب ایسا کوئی عذر نہیں بنتا کیونکہ سری لنکا کی ٹیم ابھی کھیل کر گئی ہے اور زبردست سیریز رہی ہے’۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ‘سیاست کو کھیل سے دور رکھنا چاہیے، کھیل ایک ایسا شعبہ ہے جس کو لوگ چاہتے ہیں اور تفریح کا باعث ہے اس لیے کھیل کو سیاست سے دور ہونا چاہیے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں پرامید ہوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) معاملے کو دیکھ رہا ہے، انشااللہ اچھا نتیجہ نکلے گا’۔
دنیش کنیریا کے حوالے سے ٹیم میں سلوک کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے پورا یقین ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کسی وقت ایسا سلوک نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو ہلکا سا محسوس بھی ہوا ہو کہ کسی کے ساتھ صحیح سلوک نہیں ہو رہا’۔
اس معاملے پر زیادہ بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ ‘دنیش کنیریا کے ساتھ میں ایک یا دو ٹور میں رہا ہوں تو میں نے کبھی ایسی چیز نہیں دیکھی اور مجھے 100 فیصد یقین ہے کہ پاکستان ٹیم میں کبھی ایسا نہیں ہوتا اور نہ ہوئی ہے’۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ قومی ٹیم کے چند کھلاڑی دنیش کنیریا کے ساتھ کھانا پینا پسند نہیں کرتے تھے جس کی تصدیق دنیش کنیریا نے بھی کی تھی۔
قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے دوسرے روز سینٹرل پنجاب کی رہنمائی کرتے ہوئے ناردرن ٹیم کے خلاف اظہر علی نے شان دار 119 رنز بنائے اور فرسٹ کلاس کیریئر میں 39ویں سنچری بنائی۔
اظہر علی اور عمر اکمل کی سنچریوں کی بدولت سینٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں پر 466 رنز بنائے اور 212 رنز کی برتری حاصل کرکے پوزیشن مستحکم کرلی۔