انگلینڈ-جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل


جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 72 رنز بنا کر 175 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

سنچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 277 رنز بنا رکھے تھے تاہم ورنن فلینڈر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس میں سرفہرات بلے باز کوئنٹن ڈی کوک تھے جو صرف 5 رنز کی دوری سے اپنی سنچری مکمل نہ کرپائے اور 95 رنز بناکر کیوران کی وکٹ بن گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں اسٹورٹ براڈ اور کیوران نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں لیکن بلے باز ان کی اچھی کارکردگی کا فائدہ اٹھانے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور ایک مختصر اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 284 رنز بنائے—فوٹو:رائٹرز
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 284 رنز بنائے—فوٹو:رائٹرز

ورنن فلینڈر اور کگیسو رابادا کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کے بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جو برنس 11 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جس کے طوری بعد 15 کے مجموعے پر ڈوم سبلی بھی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کپتان جو روٹ نے 70 کے مجموعے تک ڈینلی کا ساتھ دیا اور 29 رنز بنا کرفلینڈر کی وکٹ بن گئے۔

جونی بیئراسٹو اور ڈینلی نے اچھی شراکت بنائی اور اسکور کو 142 رنز تک پہنچایا لیکن پریٹوریس نے ڈینلی کی 50 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور محض ایک رن کے اضافے پر بیئراسٹو بھی آؤٹ ہوگئے جنہوں نے 35 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہوئی اور میزبان جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 103 رنز کی برتری حاصل کی۔

جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں کیا جہاں ایڈن میکرم 2 اور زبیر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 22 رنز بنانے والے تجربہ کار ڈین ایلگر کو آرچر نے نشانہ بنایا۔

کپتان فاف ڈیوپلیسی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 20 رنز بنا کر دوسرے روز کے اختتامی لمحات میں آرچر کو وکٹ دے بیٹھے۔

سنچورین ٹیسٹ کا دوسرا روز جب ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 72 رنز بنائے تھے اور اس کو 175 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

انگلینڈ کے باؤلرز دوسرے روز کی طرح باؤلنگ تیسرے روز بھی کرنے میں کامیاب ہوئے تو میچ دلچسپ ہوسکتا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اس دورے میں 4 ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کے بعد 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں