صومالیہ میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
صومالیہ کے سرکاری ترجمان کے مطابق کار بم دھماکا دارالحکومت موغادیشو میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 73 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں زیادہ تر تعداد یونیورسٹی کے طالبعلموں کی ہے جو دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکے میں ہلاک افراد میں ترکی کے دو شہری بھی شامل ہیں۔
صومالیہ کے پولیس حکام کے مطابق دھماکا کس کی جانب سے کیا گیا ہے اس کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔