قازقستان: فوکر طیارہ گر کر تباہ، 14 مسافر ہلاک


وسطی ایشیائی ملک قازقستان میں اڑان کے کچھ دیر بعد ہی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام نے بتایا کہ قازقستان کی ایئرلائنز بیک ایئر کا طیارہ الماتی شہر کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس 93 مسافر اور عملے کے 5 افراد سوار تھے۔

مزیدپڑھیں: روس: مسافر طیارہ گر کر تباہ، 71 افراد سوار تھے

قازقستان سول ایویشن کمیٹی کے مطابق فوکر 100 طیارہ دارالحکومت نور سلطان کی طرف جارہا تھا کہ ٹیک آف کے دوران اپنا توازن کھو بیٹھا اور دو منزلہ عمارت سے ٹکرانے سے قبل ایک کنکریٹ باڑ سے ٹکرایا۔

ادھر الماتی شہر کے میئر کے دفتر نے بتایا واقعے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 22 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب واقعے کے فوری بعد ایئرپورٹ پہنچنے والے غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے رپورٹر نے بتایا کہ طیارہ صبح کے وقت سورج نکلنے سے پہلے اتر رہا تھا اوراس وقت علاقے میں گھنی دھند تھی۔

علاوہ ازیں اس واقعے کے بعد المیریک گاؤں میں جائے وقوع کو محاصرہ کرکے بند کردیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے رپورٹ نے دیکھا کہ طیارہ 2 حصوں میں تقسیم ہوگیا تھا جبکہ اس سے مکان کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیوبا میں مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد گر کر تباہ

حادثے میں زندہ بچ جانے والی خاتون نے نیوز ویب سائٹ ٹینگرینیوز کو بتایا کہ طیارے کی اونچائی کم ہونے سے پہلے میں نے ‘خوفناک آواز’ سنی۔

انہوں نے کہا ‘طیارہ جھکاؤ کے ساتھ اڑ رہا تھا، سب کچھ کسی فلم کی طرح تھا، لوگ چیخ اور رو رہے تھے’۔

ادھر فوکر 100 جیٹ طیاروں کے بیڑے کو چلانے والے قازقستانی کیریئر بیک ایئر نے حادثے سے متعلق فوری طور پر تبصرہ نہیں کیا۔

اس کے علاوہ ابھی حکام نے حادثے کی کسی ممکنہ وجہ کی تجویز نہیں کی ہے تاہم ایوی ایشن کمیٹی نے بتایا کہ تحقیقات کی وجہ سے ان فوکر طیاروں کی تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

دریں اثنا قازقستان کے صدر کسیم جومارٹ ٹوکائیف نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ‘ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا’۔


اپنا تبصرہ لکھیں