سونیا حسین نے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو ٹھکرانے کی وجہ بتادی


کراچی: 

ناموراداکارہ سونیا حسین نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں سپر ہٹ ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو ٹھکرانے اور شوبز میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کے بارے میں بات کی ہے۔

اداکارہ سونیا حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھا چکی ہیں۔ ان دنوں ان کا ڈراما ’’عشق زہے نصیب‘‘ نشر ہورہا ہے جو شائقین میں کافی پسند کیا جارہا ہے۔

سونیا حسین نے حال ہی میں اداکارہ ومیزبان عفت عمرکے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیر یئر کے حوالے سے کئی باتیں کیں۔ سونیا حسین نے بتایا کہ کیریئر کی ابتدا میں جب وہ اپنا نام بنانے کی کوشش کرہی تھیں اس وقت اداکار بہروز سبزواری کا رویہ ان کے ساتھ بالکل اچھا نہیں تھا اورسیٹ پر انہوں نے سونیا کو بری طرح جھڑک دیا تھا جس پر وہ رونے لگی تھیں،  یہاں تک کہ انہوں نے اداکاری ترک کرنے کا ارادہ بھی کردیا تھا۔

سونیا حسین نے اپنے کیریئر کے ابتدا کا ایک ناخوشگوار واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ نئی نئی انڈسٹری میں آئی تھیں تو ایک مشہور برانڈ کے لیے انہیں بطور ماڈل کاسٹ کیا گیا۔ بعد ازاں رات کے ایک بجے اس ایجنسی کے مالک نے انہیں میسیج کیا کہ شوٹ کے حوالے سے کچھ باتیں کرنی ہیں لہٰذا مجھ سے ملنے آجاؤ ڈرائیو پرچلتے ہیں۔

جس پر سونیا نے کہا ڈرائیوپر کیسے میٹنگ ہوگی جس کے جواب میں اس شخص نے میسیج کیا کہ آپ ایسے نہ بنیں آپ کا تعلق انڈسٹری سے ہے جس پرسونیا نے کہا کہ انہوں نے اس شخص کو کوئی جواب نہیں دیا۔ دوسرے دن کمرشل کی شوٹ تھی لیکن انہیں معلوم ہوا کہ رات ہی رات ہی میں انہیں اس پراجیکٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

اداکارہ سونیا حسین نے بتایا کہ ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں پہلے عائزہ خان کے کردار کے لیے انہیں پیشکش کی گئی تھی لیکن انہیں اس کردار کے حوالے سے کچھ تحفظات تھے لہذٰا انہوں نے انکارکردیا۔ سونیا نے عائزہ خان کے کردار کے حوالے سے بتایا کہ اس کردارکے ذریعے خواتین کو منفی اندازمیں پیش کیا گیا ہے۔ ہمارے معاشرے میں پہلے ہی عورتوں کی غلط تصویر پیش کی جاتی ہے اور میں خواتین کو برا نہیں دیکھ سکتی ۔ یہی وجہ ہے کہ مہوش کے کردار کو کرنے سے منع کردیا۔

سونیا حسین نے بتایاکہ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہیں کبھی اس بات پرافسوس نہیں ہوا کہ انہوں نے ڈراما ٹھکرادیا کیونکہ انہوں نے بہت سوچ سمجھ کرفیصلہ لیا تھا۔ تاہم سونیا نے عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عائزہ نے اس کردار کو بہت خوبی سے نبھایا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں