پیرس:
دنیا بھر میں کیڑے مکوڑوں سے متاثر ہو کر روبوٹ بنانے کی دوڑ جاری ہے اب فرانس کے ماہرین نے روبوٹ مکھی بنائی ہے جس کا وزن صرف ایک گرام ہے اور یہ اپنے وزن سے پانچ گنا زائد وزن اٹھاسکتی ہے۔
اب اگر اسے آپ مکھی مارنے والی چھڑی سے کئی دفعہ پچکانے کی کوشش کریں تب بھی یہ دب کر دوبارہ کھڑی ہوجاتی ہے اور چلنے لگتی ہے۔ اسے ڈینسیکٹ DEAnsect کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں مصنوعی پٹھوں کی مدد سے تین ٹانگیں بنائی گئی ہیں جو ایک سیکنڈ میں 400 مرتبہ حرکت کرتی ہیں۔
مکھی کو نمائشی شے کہنے کی بجائے کئی اہم امور انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ مکھی میں نصب فوٹوڈائیوڈز اس کے لیے آنکھوں کا کردار ادا کرتے ہیں اور مائیکرو کنٹرولر اس کے دماغ کا کام کرتے ہیں۔
ماہرین نے اس عجیب و غریب مکھی کو طرح طرح کے ٹیسٹ سے گزارا ہے۔ مکھی کو مکھی مار اسٹک سے کچلا گیا اور اسے موڑا گیا لیکن یہ نہیں مرتی اور اپنا کام کرتی رہتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مکھی خودکار انداز میں بھی کام کرسکتی ہے اور کسی مقررہ راستے پر چلتی رہتی ہے۔