اسلام آباد:
مشترکہ مفادات کی کونسل نے تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کے لیے مراعاتی پیکیج کی منظوری دی ہے تاکہ وہ پرخطر علاقوں میں بھی گیس اور تیل کی تلاش کا کام شروع کرسکیں۔
یہ پرخطر علاقے بلوچستان اور قبائلی پٹی میں واقع ہیں جنھیں اب خیبرپختون خوا صوبے میں ضم کردیا گیا ہے۔ اس مراعاتی پیکیج کا مقصد ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار کو بڑھانا ہے۔ ماہرین کا تخمینہ ہے کہ ان پرخطر علاقوں میں گیس کے 21 کھرب کیوبک فٹ کے قریب ذخائر موجود ہیں۔
مشترکہ مفادات کی کونسل کی جانب سے پیر کے روز اس مراعاتی پیکیج کی منظوری دی گئی جس کے تحت ایک نیا سرحدی زون تشکیل دیا جائے گا جس میں کھاران، پشین اور قبائلی غیر دریافت علاقے شامل ہوں گے۔
مشترکہ مفادات کی کونسل نے چوتھے نئے زون کی زون 1- ایف کے نام سے منظوری دی ہے جس کا مطالبہ پاکستان پیٹرولیم اور پروڈکشن کمپنیز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے اور ایسوسی ایشن کا موقف تھا کہ تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کو مزید مراعات دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان پرخطر علاقوں میں نئی سرمایہ کاری کرسکیں۔