کراچی:
نامور اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی کی تقاریب کا آغاز ہوگیا دونوں کی مایوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
اداکارہ اقرا عزیز اوریاسر حسین نے چند روز قبل اپنی شادی کا کارڈ مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے نہایت مزاحیہ اور منفرد انداز میں بتایا تھا کہ دونوں رواں ماہ کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ مداحوں کو دونوں کی شادی کا بے چینی سے انتظار تھا۔
اقرا اور یاسر کی شادی کی تقریب کا آغاز گزشتہ روز مایوں کی تقریب سے ہوا اور دونوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنی مایوں کی تصاویر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اقرا اور یاسر کی انوکھے انداز میں شادی کی دعوت
اقرا اور یاسر مایوں کی تقریب میں روایتی پیلے اور سفید لباس میں نظر آئے۔ اقرا عزیز نے گوٹے کے کام والا پیلا شلوار قمیض زیب تن کیا جب کہ یاسر حسین نے تقریب کے لیے سفید کرتے پاجامے کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر دونوں بے حد خوش نظرآئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اقرا اور یاسر کو نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دیں۔
واضح رہے کہ یاسر حسین نے اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب کے دوران شادی کی پیشکش کی تھی جسے اقرا نے فوراً قبول کرلیا تھا۔
اس موقع پر یاسر حسین نے اقرا کو بوسہ کیا تھا جس کے باعث سوشل میڈیا پر دونوں پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ یاد رہے اقرا اور یاسر رواں ماہ کی 28 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔