وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 144ویں یوم پیدائش کے موقع پر عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو خصوصی پیغام دیا ہے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائد نے ناممکن سالمیت، مثالی کردار، بے لوث عقیدت اور مسلمانوں کے لئے ایک آزاد وطن کے مقصد کے لئے خوب جدو جہد کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم بیسویں صدی کے عظیم اور دوراندیش قائدین میں شامل ہیں اور انہوں نے پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے جو فیصلہ کن آزادی کی تحریک پیش کی وہ ان کی سیاسی بصیرت اور بیداری کا مظہر ہے، اس کے علاوہ وہ آخری سانس تک جمہوری نظریہ اور قانون کے اصول و ضوابط پر ڈٹے رہے۔
وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
عمران خان قائد اعظم کے دو قومی نظریے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کے بعد اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پوری دنیا کے سامنے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کا نقاب اتر چکا ہے۔
ملک بھر میں آج بابائے قوم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
بابائے قوم کی یوم پیدائش کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں، بانی پاکستان کی تصاویر پر مشتمل کیک اور بیکری آئٹمز بھی تیار کیے گئے ہیں جب کہ مزار قائد سمیت شہر کی مرکزی عمارتوں کو سبز رنگ کی لائٹس سے سجایا گیا ہے۔