وٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پاسکو سے گندم خریدنے کا تحریری معاہدہ کرنے میں ناکام

وٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پاسکو سے گندم خریدنے کا تحریری معاہدہ کرنے میں ناکام


لاہور: 

یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ابھی تک عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کیلیے پاسکو سے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا تحریری معاہدہ کرنے میں ناکام ہوگئی۔

وزیر اعظم کے واضح احکامات کے باوجود یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ابھی تک عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کیلیے پاسکو سے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا تحریری معاہدہ کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ گزشتہ روز پاسکو حکام نے یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی اس تجویز کو مسترد کردیا ہے جس میں یوٹیلٹی اسٹور کارپورپشن اپنی منتخب فلورملز کو یہ اختیار دینا چاہ رہی تھی کہ مل مالکان پاسکو کو گندم کی قیمت ادا کر کے گندم وصول کر لیں اور اس کی پسائی کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر فراہم کریں۔

سرکاری اور مارکیٹ ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی اتنی استعداد ہی نہیں ہے کہ وہ یومیہ 80 ہزار تھیلا اپنے 5900 اسٹورز پر فروخت کر سکے لہٰذا یہ خدشہ موجود ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پرکم مقدار میں آٹا بھیج کر اس کی مقدار زیادہ ظاہر کر کے یوٹیلٹی اسٹور کارپشن کے بعض عناصر اور منتخب کردہ فلورملز کروڑوں روپے کی سبسڈی میں جعلسازی کریں گے۔

علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ہاشم پوپلزئی نے کہا ہے کہ شفافیت بنیادی اصول ہے ہم یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن سمیت تمام محکموں اور صوبائی حکومتوں کو فروخت کی جانے والی پاسکو گندم کے حکومتی قواعد کے مطابق استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کی واضح پالیسی ہے کہ ملک و قوم کے مفادات کے برعکس کام کرنے والی فلورملز کو تحفظ فراہم نہیں کیا جائے گا۔

یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے منیجر ویٹ اینڈ فلار طارق شمشیر نے کہا ہے کہ ہم پاسکو سے گندم خریدنے کیلیے 2013 والا طریقہ کار استعمال کریں گے، بہت جلد پاسکو سے معاہدہ طے پاجائے گا ۔


اپنا تبصرہ لکھیں