دبئی، عمان، جدہ اور بصرہ کیلیے فیری سروس، وفاق سے این او سی مانگ لی گئی


کراچی: 

وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے کہاہے کہ ان کی وزارت نے فیری سروس چلانے کیلیے وزارت دفاع سے دوبارہ این او سی کیلیے درخواست دیدی ہے۔

وزارت دفاع سے دبئی، عمان، جدہ،بصرہ کے لیے فیری سروس کی این او سی مانگی گئی ہے توقع ہے اس باراجازت مل جائے گی ،یہ بات انھوں نے جمعہ کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کے دوران کہی۔

انھوں نے کہا کہ وزارت نئی شپنگ پالیسی میں متعدد اعلانات کرنے والی ہے،شپنگ پالیسی میں تجویز ہے پاکستان میں رجسٹرڈ ہونے والے اورکارگو لیکرآنے والے بحری جہازوں کوسال 2030 تک سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ دیاجائے گا۔ وزارت بحری امور نے زمینوں کی الاٹمنٹ بند کردی ہے۔

علی زیدی نے کہا کہ پورٹ قاسم کی ذمے داریاں ملتے ہی وہاں اراضی کے لیے فی ایکڑ 25لاکھ روپے رشوت کی پہلی پیشکش ہوئی جس کے بعد پھریہ پیشکش بڑھ کرڈیڑھ کروڑ فی ایکڑ تک موصول ہوئی۔ رشوت کی اس پیشکش کومونظر رکھتے ہوئے وزارت نے اب اس زمین کی بورڈ سے ساڑھے4 کروڑروپے فی ایکڑ مقررکرنیکی تجویز ارسال کی ہے اس تجویز کے بعدرشوت کے معاملات ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پورٹ اینڈ شپنگ سیکٹرکو متعددچیلیجنزدرپیش ہیں سب کومعلوم تھاکہ پرانا سب کچھ خراب تھا اسی بنیادپر ووٹ بھی ملے۔پرانے خراب نظام کودرست کرنے کیلیے ہی تبدیلی چاہتے ہیں ایکسپورٹ بڑھانے کی بات ہورہی ہے لیکن کراچی کاانفرااسٹرکچر ،سیوریج،پانی، سالڈویسٹ مینجمنٹ پر کبھی کام ہی نہیں کیا گیا،پورٹ قاسم صنعتی زون میں لوگوں نے10لاکھ روپے دے کر زمین بک کی ہوئی ہے لیکن وہ صنعتیں نہیں لگارہے ہیں۔

قبل ازیں کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ انڈسٹری کے صدرعمر ریحان شیخ نے کہاکہ بندرگاہ پر سہولیات ملنے سے برآمدی سرگرمیوں کو فائدہ ہوگا۔کے پی ٹی اور پورٹ قاسم پر مسائل ہی مسائل ہیں ان مسائل سے صنعتکار کافی پریشان ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں