لاہور:
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو قید کر کے صرف عمران خان کو خوش کیا جارہاہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، راناثنااللہ، حمزہ شہباز، سعد رفیق، سلمان رفیق اور مفتاح اسماعیل کی قید انصاف اور انسانی حقوق کے منافی ہے۔ فواد حسن فواد اور احد چیمہ اپنی قابلیت ، نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے کوئی الزام ثابت نہ ہونے کے باوجود بے گناہ قید ہیں۔ الزام لگانے والے اب تک ایک ثبوت پیش نہیں کرسکے لیکن یہ افراد ناحق قید ہیں۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے مقدمات قائم رکھ کر بے گناہ لوگوں کو قید کرکے صرف عمران خان کو خوش کیا جارہا ہے۔ ثبوت اور شواہد کے بغیر محض سیاسی انتقام اور عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے عوامی نمائندوں کی قید ناانصافی اور ظلم ہے۔ سیاسی انتقام کے لئے قید، جھوٹے مقدمات اور میڈیا ٹرائل کرکے بھی عمران خان نالائق ہی رہیں گے۔ ثابت ہوچکا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی ثبوت نہیں، ان رہنماؤں کو مزید قید رکھنا انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔