اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، اپر پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ 

اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے شہروں گوجرانوالہ، قصور، چونیاں، شیخوپور، مری، پاکپتن، جھنگ اور کامونکی سمیت متعدد علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، بنوں، ہنگو، ٹانک، مانسہرہ، طورغر، بٹ گرام، لکی مروت، مردان اور صوابی میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

زلزلہ شام 4 بج کر 39 منٹ پر آیا، اس دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 4 تھی جس کا مرکز کوہ ہندوکش تھا جبکہ گہرائی زیر زمین 210 کلومیٹر تھی۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ابھی تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

خیال رہے کہ 25 ستمبر کو آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں شدید زلزلے نے تباہی مچائی، اس زلزلے کی شدت بھی 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے جب کہ 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں