سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے پر جہاں سیاسی شخصیات نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں شوبز شخصیات نے بھی عدالتی فیصلے پر اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007 کو آئین پامال کیا اور اُن پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظر بند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترامیم، بطور آرمی چیف آئین معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کے آئین شکنی کے جرائم ثابت ہوئے ہیں۔
اسی ضمن میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے عدالتی فیصلے کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکارہ مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا۔
اداکارہ مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں معروف آئرش سپاہی تھامس فرانسس کا قول شیئر کرنے کے ساتھ ’ہیش ٹیگ مشرف ورڈکٹ‘ کا استعمال کیا۔
اداکار شان شاہد نے بھی پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے پر ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شان شاہد نے عدلیہ کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ایک محبِ وطن کو غدار کہا جائے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پرویز مشرف آپ اب بھی محبِ وطن ہیں، ایک سچے پاکستانی اور بہادر سپاہی ہیں‘۔
علاوہ ازیں پاکستان کی معروف فیشن برانڈ کی ڈائریکٹر خدیجہ شاہ نے عدالتی فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔