نامور فیشن ماڈل سبیکا امام نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ان کا اور ماڈل حسنین لہری کا بریک اپ ہوچکا ہے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کردہ ایک پوسٹ میں اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ حسنین لہری کے ہمراہ اپنی تصویر بھی شیئر کی۔
سبیکا امام نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘تو آفیشلی یہ سفر ختم ہوگیا، طویل عرصے بعد ہمیں اندازہ ہوگیا کہ ہماری راہیں الگ منزلوں تک جاتی ہیں، بہت کوششوں اور غور و فکر کے بعد ہم نے اس رشتے کو ختم کردیا، میں سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان اس لیے کررہی ہوں کیوں کہ میں ذاتی طور پر ایک ایک کو جواب دے کر تھک چکی ہوں’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘میں تھک چکی ہوں یہ دکھا دکھا کر کہ میں ٹھیک ہوں، میں تھک چکی ہوں لوگوں کے ایسا سوچنے پر کہ میری منگنی ہوچکی ہے یا میری شادی ہونے والی ہے، شادی کی پیشکش ضرور تھی لیکن بدقسمتی سے بات آگے نہیں بڑھ سکی’۔
سبیکا نے لکھا کہ ‘میں سب سے درخواست کرتی ہون کہ اس مشکل وقت کو گزر جانے دیں، ہمارے دوست اور گھر والے اس معاملے میں ہمارے ساتھ ہیں اور میں نہیں چاہتی کے ہماری وجہ سے انہیں کسی قسم کے دکھ یا شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے’۔
واضح رہے کہ سبیکا امام اور حسنین لہری دونوں کا شمار پاکستان کے ٹاپ ماڈلز میں کیا جاتا ہے۔
یہ دونوں کئی سالوں سے پاکستانی فیشن انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ سبیکا امام بولی وڈ فلم انگلش ونگلش میں بھی ایک بولڈ انداز میں نظر آچکی ہیں۔
یہ دونوں کئی سالوں سے تعلقات میں رہے، جبکہ ایک ساتھ متعدد ایونٹس کا حصہ بھی بنے۔