کراچی:
قومی کرکٹرز کراچی میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلیے بے تاب ہیں،کپتان اظہر علی نے کہاکہ سری لنکاکیخلاف ٹیسٹ میچ کا شدت سے منتظر ہوں۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، راولپنڈی میں بارش کی بار بار مداخلت کے سبب میچ ڈرا ہوگیا تھا، قومی ٹیم کراچی ٹیسٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پُرعزم اور کرکٹرز ایکشن میں آنے کیلیے بے تاب ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ انٹرویو میں کپتان اظہر علی نے کہاکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین گراؤنڈز میں ہوتا ہے، یہاں پاکستان کاریکارڈ بھی شاندار ہے، میں ڈومیسٹک کیریئر میں یہاں کئی میچز کھیل چکا، اب ٹیسٹ میں حصہ لینے کا شدت سے انتظار کررہا ہوں۔
اسد شفیق نے کہا کہ میں نے نیشنل اسٹیڈیم میں 2006 میں پاک بھارت میچ بطور تماشائی دیکھا، محمد آصف کے بہترین اسپیل کی بدولت میزبان ٹیم نے روایتی حریف کو زیر کیا، پیسر کا سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنا مجھے آج بھی یاد ہے۔ اس وقت انکلوژر میں بیٹھ کر وکٹ کا جشن مناتے ہوئے اتنا شور مچایا تھا کہ گھر واپسی پر گلا خراب ہوگیا، اب اپنے ہوم گراؤنڈ پر خود ملک کیلیے کھیلنے کا موقع ملا رہا ہے، میں یہاں کی کنڈیشنز سے آگاہ ہوں، ٹیم کیلیے رنز بنانے کی کوشش کروں گا۔
کراچی میں کئی فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے شان مسعود نے کہاکہ میں اپنے شہر میں پاکستان کی جانب سے اننگزکا آغاز کرنے کیلیے بے تاب ہوں۔ بطور تماشائی نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز میں بیٹھ کر میچ دیکھے، ورلڈکپ 1996 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ دیکھنے کیلیے اسکول سے چھٹی لے کر یہاں پہنچا تھا،پاک بھارت ٹاکرا بھی دیکھا، اس سنسنی خیز میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا تھا۔
مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے کہاکہ ملک کے ساتھ کراچی میں بھی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ایک اہم قدم ہے، امید ہے شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرینگے، ملک میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد نوجوان نسل کوکرکٹ سے جوڑے رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔
محمد رضوان نے کہا کہ میں گذشتہ چند برس سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، اب تو کراچی ہی ہوم گراؤنڈ لگتا ہے،ہم سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔