’جنگ کی حامی تھی، ہوں اور نہ کبھی رہوں گی، پریانکا چوپڑا


وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا ہر وقت اپنے کیریئر، خود سے کم عمرامریکی گلوکار سے شادی اور اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔

رواں برس اگست میں وہ اس وقت خبروں کی زینت بنیں اور ان پر دنیا بھر میں تنقید کی گئی جب انہوں نے امریکا میں ہونے والے ایک ایونٹ میں پاکستانی نژاد خاتون کو ایک سوال کرنے پر جھاڑ پلادی تھی۔

12 اگست 2019 کو لاس اینجلس میں ہونے والی ایک تقریب میں پریانکا چوپڑا نے پاکستانی نژاد خاتون کو اپنی ایک پرانی ٹوئٹ پر سوال کرنے پر جھاڑ پلادی تھی۔

پاکستانی نژاد خاتون عائشہ ملک نے پریانکا چوپڑا سے فروری 2019 میں کی جانے والی ایک ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا تھا اور پوچھا تھا کہ کیا اداکارہ مبینہ طور پر دونوں ممالک میں ایٹی جنگ کی خواہاں ہیں؟

پاکستانی خاتون عائشہ ملک نے پریانکا چوپڑا سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے فروری 2019 میں اپنی ٹوئٹ میں ’جے ہند‘ اور ’انڈین آرمی‘ کے ہیش ٹیگ استعمال کرکے ان کی حمایت کی تھی، جس سے یہ تاثر گیا کہ وہ دونوں ممالک میں جنگ کی خواہاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی خواہاں؟

تقریب کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھ اکہ پاکستانی نژاد خاتون نے اداکارہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونیسیف‘ کی سفیر برائے خیر سگالی ہیں، انہیں جنگ کی باتیں شبہ نہیں دیتیں اور پھر پاکستان میں ان کے لاکھوں مداح ہیں، جو ان کی دونوں ممالک میں جنگ کی خواہش کی بات سے ناراض ہوئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ عائشہ ملک کا سوال ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ تقریب کے منتظمین میں شامل ایک اہلکار ان سے مائیک چھین لیتے ہیں اور اسی دوان پریانکا چوپڑا پاکستانی نژاد خاتون کو جھاڑ پلا دیتی ہیں۔

پریانکا چوپڑا کو بھارتی فوج کی حمایت میں کی جانے والی ٹوئٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
پریانکا چوپڑا کو بھارتی فوج کی حمایت میں کی جانے والی ٹوئٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

پریانکا چوپڑا نے عائشہ ملک کا درست انداز میں جواب دینے کے بجائے ان پر الزام لگایا کہ وہ خوامخواہ چلا رہی ہیں، وہ یہ بات آرام سے بھی کر سکتی تھیں، ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان کا سوال سن لیا ہے۔

اسی تقریب کی سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’ان کے پاکستان میں کئی دوست ہیں اور وہ خود بھارت سے ہیں، انہوں نے جنگ کی خواہش پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محب وطن بھارتی ہیں‘۔

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پریانکا چوپڑا پر بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید تنقید کی گئی تھی اور یونیسیف سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ اداکارہ سے اعزازی سفیر کا عہدہ واپس لیا جائے۔

پریانکا چوپڑا نے فروری 2019 میں بھارتی فوج کی حمایت میں ٹوئٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
پریانکا چوپڑا نے فروری 2019 میں بھارتی فوج کی حمایت میں ٹوئٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

خود پر شدید تنقید پر اگرچہ پریانکا چوپڑا خاموش ہوگئی تھیں اور انہوں نے کئی ماہ تک اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا تھا، تاہم اب انہوں نے اس معاملے پر وضاحت کی ہے اور خود امن کا حامی قرار دیا ہے۔

امریکی شوبز ویب سائٹ ’ڈیلی بیسٹ‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے پہلی بار اس سارے معاملے پر بات کی اور کہا کہ ’وہ خود نہ تو کبھی جنگ کی حامی رہی ہیں، نہ اس وقت وہ جنگ کی حامی ہیں اور نہ ہی وہ کبھی مستقبل میں جنگ کی حمایت کریں گی۔

اداکارہ نے جنگ کی حمایت سے متعلق کی جانے والی ٹوئٹ پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پہلے تو یہ اس معاملے پر بات کرنے کا درست وقت نہیں، دوسرا یہ کہ ان کی بدقسمتی ہے کہ ان کی ٹوئٹ پر اتنا ہنگامہ ہوا اور تیسری بات یہ کہ کبھی نہ جنگ کی حامی تھی، نہ ہیں اور نہ کبھی رہیں گی۔

میں نے کبھی بھی جنگ کی حمایت میں کوئی بات نہیں کی، اداکارہ—فوٹو: اے ایف پی
میں نے کبھی بھی جنگ کی حمایت میں کوئی بات نہیں کی، اداکارہ—فوٹو: اے ایف پی

پریانکا چوپڑا کے مطابق انہوں نے کبھی بھی جنگ سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور نہ کبھی دینا کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان کے ماضی کے تمام کام اور بیانات دیکھا جائے تو بھی اس بات کا علم ہو جائے گا کہ وہ جنگ کی حمایتی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی ٹوئٹ پر بات کرکے اس معاملے کو مزید بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: جنگ کی حمایت کرنے پر یونیسیف سے پریانکا کو ہٹانے کا مطالبہ

ایک اور سوال کے جواب میں داکارہ کا کہنا تھا کہ اداکار قانون ساز نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ اپنے ملک کی حکومتوں کے سربراہ ہوتے ہیں، اس لیے وہ کوئی بھی تبدیلیاں نہیں لا سکتے، ہاں البتہ معروف شخصیت ہونے کی وجہ سے وہ ایسے معاملات پر اثر انداز ضرور ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ان کی باتیں سنی جاتی ہیں اور لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔

پریانکا چوپڑا کے مطابق بطور عوامی شخصیت اور یونیسیف کی سفیر برائے خیر سگالی انہوں نے ہمیشہ اپنے فن اور تخلیقات کو انسان دوستی اور امن کے لیے استعمال کیا۔

چیزوں کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری حکمرانوں کی ہوتی ہے، اداکارہ—فوٹو: اے ایف پی
چیزوں کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری حکمرانوں کی ہوتی ہے، اداکارہ—فوٹو: اے ایف پی

انٹرویو کے دوران اداکارہ نے جنگ کے حوالے سے وضاحت دینے سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کا تعلق ایک پڑھے لکھے اور باشعور خاندان سے ہے اور انہوں نے کبھی بھی گلیمر کی دنیا میں اپنا مقام بنانے سے متعلق نہیں سوچا تھا۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والد اور والدین فوج میں تھے اور وہ انہیں بھی اپنی طرح ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے اور خود بھی انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ ’گلیمر‘ کی دنیا میں اپنا مقام بنائیں گی، یہ سب اس وقت اچانک ہوا جب انہوں نے 17 برس کی عمر میں ’مس انڈیا‘ کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ کی حمایت: پریانکا کو ہٹانے کے مطالبے پر اقوام متحدہ کی وضاحت

خود سے کم عمر شخص سے شادی کے سوال پر پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ عمر میں فرق ان دونوں کا مسئلہ نہیں ہے، تاہم انہیں حیرت ہے کہ ان کی عمر میں فرق کا معاملہ پوری دنیا میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

اداکارہ نے دلیل دی کہ بہت سارے ایسے واقعات ہیں جن میں مرد حضرات نے خود سے کم عمر بیویوں کو طلاقیں دیں اور یہ کہ ان کے خیال میں ان کی شادی میں عمر کے فرق کی کوئی اہمیت نہیں۔

پریانکا نے خود سے کم عمر شخص سے شادی کو درست فیصلہ قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
پریانکا نے خود سے کم عمر شخص سے شادی کو درست فیصلہ قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

پریانکا چوپڑا کے مطابق ان کے شوہر 26 سالہ نک جونس نوجوان ہونے کے باوجود سلجھے ہوئے اور سمجھدار ہیں، ان میں دنیا کو پرکھنے اور سمجھنے کی منفرد اہمیت ہے، کیوں کہ وہ بچپن سے میوزک انڈسٹری کا حصہ ہیں، اس لیے انہیں دنیا کو دیکھنے اور پرکھنے کا تجربہ ہے۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا کی خود سے کم عمر مرد سے شادی

پریانکا چوپڑا کے مطابق چوں کہ ان کے شوہر نوجوانی میں ہی ذیابیطس جیسے مرض میں مبتلا ہوگئے، اس لیے وہ دیگر نوجوانوں کے مقابلے انتہائی سمجھدار ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے انٹرویو کے دوران اپنے فلمی کیریئر اور شادی کے بعد امریکا منتقل ہونے پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں کسی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔

پریانکا نے گزشتہ برس دسمبر میں نک جونس سے شادی کی تھی—فوٹو: اے پی
پریانکا نے گزشتہ برس دسمبر میں نک جونس سے شادی کی تھی—فوٹو: اے پی

اپنا تبصرہ لکھیں