کراچی: اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے منی لانڈرنگ کے خلاف کلیدی پیشرفت پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں فنانشل کرائم سمٹ کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے باہر آنے کے لیے ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کے ستائشی کلمات ملک کے لیے بہت اہم ہیں۔
مزیدپڑھیں: اصلاحات سے معیشت پر مثبت اثرات نمودار ہورہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک
گورنر اسٹیٹ بینک نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے کے لیے حکومت اور دیگر تمام اداروں کی جانب سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
رضا باقر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ ملک کے لیے سب سے بڑی تشویش ہے اور یہ اطمینان بخش بات ہے کہ نگراں ادارے دہشت گردی کی مالی اعانت روکنے کے لیے پاکستان کے کردار پر خوش ہیں اور آئی ایم ایف بھی اس پر پیش رفت سے خوش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے حکمت عملی کے تحت قوائد وضوابط میں ترمیم کی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی کی مالی اعانت پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے بہت سے اکاونٹس غیر فعال کردیے گئے۔
رضا باقر کے مطابق تجارت سے وابستہ دہشت گردی کی مالی اعانت پاکستان میں ناممکن ہے اسی وجہ سےایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف دونوں نے حکمت عملی کی توثیق کی۔
مزیدپڑھیں: روپے کی قدر پر نظر ہے،زیادہ عدم استحکام ہوا تو مداخلت کریں گے،گورنر اسٹیٹ بینک
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر لانے کے لیے مزید کام جاری ہے اور تمام بینکوں کو انسداد منی لانڈرنگ کی جانب اپنی پیشرفت کو مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارت سے متعلق دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف نگرانی کر رہے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت سے ملک بری طرح متاثر ہوا اور معیشت برباد ہوئی۔
رضا باقر نے کہا کہ حکومت کاروبار کے لیے اچھا ماحول فراہم کرنے میں کوشاں ہے جبکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے کے مقصد سے اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی نظام میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور شرح تبادلہ سے متعلق فیصلہ صحیح ثابت ہوا کہ اب اس محاذ پر استحکام واضح طور پر نظر آتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر نے دعوی کیا کہ لوگوں نے اپنے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کو بچت میں تبدیل کردیا ہے جس سے معیشت کو فائدہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی بلندترین سطح 157 روپے تک پہنچ گیا
رضا باقر نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ درآمدات پر عائد پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 فیصد پیشگی ادائیگی کی اجازت دینے کے فیصلے سے درآمد کنندگان کی پریشانیوں کو دور کیا گیا اور اس سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 12 دسمبر کو مینوفیکچرنگ اداروں کو لیٹر آف کریڈٹ پر درآمدات کی قیمت کا 50 فیصد تک پیشگی ادائیگی کرنے کی اجازت دی تھی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مذکورہ سہولت کے استعمال سے مینوفیکچرنگ ادارے پیشگی ادائیگی کرکے پلانٹ، مشینری، اسپیئر پارٹس اور خام مال وغیرہ درآمد کرسکیں گے۔